کشمیر کونسل ای یو کی جانب سے کینیڈا اور امریکا میں بھارتی دہشتگردی کی مذمت


کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے بھارت کی طرف سے کینیڈا اور امریکا میں دہشت گردی کی وارداتوں اور بے گناہ شہریوں کو قتل کرنے کی سازشوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔

علی رضا سید نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ خاص طور پر کینیڈا کی حکومت کی طرف سے بھارت کے دہشت گردانہ عزائم کو بے نقاب کیا گیا ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ مودی حکومت سفاکانہ طریقوں اور اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے بیرون ممالک دہشت گردی کی وارداتیں انجام دیتی ہے اور اپنے سیاسی مخالفین کو راستے سے ہٹانے کےلیے انتہائی ظلم و ستم اختیار کرتی ہے۔ اس سلسلے میں اسے دوسرے ملکوں کی خود مختاری اور بین الاقوامی قوانین کی کوئی پرواہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم کینیڈا کی حکومت کے اس اقدام کو سراہتے ہیں جس نے اپنے ملک میں بھارتی دہشت گردی کو دنیا کے سامنے آشکار کیا ہے۔ یہ ایک جرات مندانہ قدم ہے جو دیگر ممالک کے لیے بھی ایک مثال بننا چاہیے کہ وہ بھارت کے ان غیر قانونی اور ظالمانہ اقدامات کے خلاف آواز اٹھائیں۔ بھارت کو دہشت گردی سے روکا جائے اور بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کا احترام کرنے پر مجبور کیا جائے تاکہ عالمی امن و سلامتی کو برقرار رکھا جا سکے۔

چیئرمین کشمیر کونسل ای یو نے کہا کہ بھارت کی مودی حکومت مقبوضہ کشمیر اور اپنے ملک (بھارت) کے مختلف حصوں میں انتہاپسندی اور دہشت گردی کو فروغ دے کر اور ریاستی طاقت کا استعمال کر کے خطے کے امن کو برباد کر رہی ہے۔ کینیڈا اور امریکہ میں بھارتی وارداتوں سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ اب بھارتی شدت پسندی اور دہشت گردی سرحدوں سے باہر پھیل چکی ہے۔

علی رضا سید نے کہا کہ یہ صورتحال اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارت نا صرف مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی میں ملوث ہے بلکہ وہ دیگر ممالک میں بھی بے دریغ دہشت گردی کررہا ہے جو بین الاقوامی امن کےلیے سنگین خطرہ ہے۔

چیئرمین کشمیر کونسل ای یو نے مزید کہا کہ عالمی برادری بھارت پر پابندیاں عائد کرے تاکہ وہ بین الاقوامی سطح پر اس طرح کی سفاکانہ اور ظالمانہ کارروائیوں سے گریز کرے اور مقبوضہ کشمیر کے لوگوں پر بھی ظلم و ستم بند کرے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 27 اکتوبر 1947 کو اپنی فوج سری نگر بھیجی تھیں اور اس وقت سے ابتک بھارت فوج طاقت کے ذریعے جموں و کشمیر کے ایک بڑے حصے پر غیرقانونی قابض ہے۔ مقبوضہ کشمیر، آزاد کشمیر اور دنیا بھر میں کشمیری اس بھارتی قبضے کے خلاف ہر سال 27 اکتوبر کو یوم سیاہ مناتے ہیں اور احتجاج کرتے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں