کراچی: ریگل چوک پر مذہبی جماعت کا مظاہرہ، صورتحال کشیدہ، ایس ایچ اوز سمیت دس اہلکار زخمی


کراچی کے علاقے صدر ریگل چوک پر مذہبی جماعت کے مظاہرے کے دوران صورتحال کشیدہ ہوگئی۔ مظاہرین کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ کے علاوہ جلاؤ گھیراؤ بھی کیا گیا۔ دو ایس ایچ اوز سمیت 10 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔

پولیس حکام کے مطابق ریگل چوک پر مذہبی جماعت کے کارکنان جمع ہوئے تو انھیں منتشر کرنے کےلیے پہلے مذاکرات کیے گئے، لیکن مظاہرین منتشر نہیں ہوئے۔

اس دوران مظاہرین بڑی تعداد میں جمع ہوتے گئے۔ مظاہرے کے دوران نامعلوم افراد نے سڑک پر رکاوٹیں کھڑی کیں، ٹائروں کو آگ لگائی اور مکمل طور پر ریگل چوک پر قابض ہوگئے۔

اس موقع پر وقفے وقفے سے پولیس کی جانب سے آنسو گیس کی شیلنگ بھی جاری رہی جس سے ناصرف مظاہرین بلکہ دکاندار اور عام شہری بھی متاثر ہوئے۔

ریگل چوک کے اطراف مظاہرین نے جگہ جگہ آگ لگادی۔ ایک اہلکار کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا جس پر پولیس نے حکمت عملی کے تحت مختلف سڑکوں سے پیش قدمی کرتے ہوئے ایک ساتھ آنسو گیس کی شیلنگ کی اور ہوائی فائرنگ کی۔ جس کے بعد مظاہرین منتشر ہوگئے اور ریگل چوک کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔

اس ہنگامہ آرائی کے دوران دو ایس ایچ اوز اور خاتون پولیس اہلکاروں سمیت مجموعی طور پر 10 افسران و اہلکار زخمی ہوئے جنھیں طبی امداد کے لیے مختلف اسپتالوں میں لے جایا گیا۔


اپنا تبصرہ لکھیں