کراچی: سرکاری کالج کا سپرنٹنڈنٹ طالبات کے امتحانی فیس کے 9 لاکھ روپے لے کر فرار

کراچی: سرکاری کالج کا سپرنٹنڈنٹ طالبات کے امتحانی فیس کے 9 لاکھ روپے لے کر فرار


کراچی: ایک سرکاری کالج کے سپرنٹنڈنٹ کے خلاف امتحانی فیس کی مد میں جمع شدہ 9 لاکھ روپے سے زائد رقم خرد برد کرنے کا انکشاف ہوا ہے، جس کے بعد وہ فرار ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق، گورنمنٹ ڈگری کالج فار ویمن ناظم آباد کی 81 طالبات نے مجموعی طور پر 910,200 روپے امتحانی فیس کے طور پر جمع کرائے تھے، جو مبینہ طور پر سپرنٹنڈنٹ نے خود وصول کیے اور بینک میں جمع نہیں کروائے۔

کالج کی پرنسپل شہلا بشیر نے اس معاملے پر رضویہ پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کرائی ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق، مذکورہ اہلکار نے طالبات سے وصول شدہ 9 لاکھ سے زائد کی رقم خرد برد کی ہے۔

پرنسپل نے پولیس کو بتایا کہ سپرنٹنڈنٹ 25 جنوری کے بعد کالج نہیں آیا۔ انہوں نے خود فیس وصول کی اور اسے بینک میں جمع نہیں کروایا۔

دوسری جانب، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔

ادھر ایک متاثرہ طالبہ نے بتایا کہ ان کا امتحان آج (ہفتہ) ہونا تھا، لیکن ان کے پاس ایڈمٹ کارڈ موجود نہیں تھا۔

کالج ڈین کے مطابق، انہوں نے رات گئے تک طالبات کے دستاویزات جمع کروا کر بورڈ مینجمنٹ کے حوالے کیے، جس کی مدد سے بیشتر طالبات کے ایڈمٹ کارڈ جاری کر دیے گئے ہیں، جبکہ باقی کو آج دے دیے جائیں گے۔

پرنسپل نے بتایا کہ یہ ایڈمٹ کارڈ ایسوسی ایٹ ڈگری کے امتحانات کے لیے ہیں۔

حکام کے مطابق، طالبات نے سپرنٹنڈنٹ کو اضافی فیس بھی ادا کی تھی، اور انہیں فیس جمع کرانے کی رسید بھی فراہم نہیں کی گئی، حالانکہ واضح ہدایات تھیں کہ رسید لازمی دی جائے۔


اپنا تبصرہ لکھیں