مشہور ریپر کانیے ویسٹ اور ان کی اہلیہ بیانکا سینسوری کے درمیان طلاق کی خبریں منظر عام پر آ رہی ہیں، جس کی وجہ کانیے کے یہودی برادری کے خلاف متنازعہ بیانات بتائے جا رہے ہیں۔
شادی سے قبل کوئی قانونی معاہدہ نہیں ہوا
میڈیا رپورٹس کے مطابق، کانیے اور بیانکا کے درمیان کوئی پیشگی معاہدہ (Prenuptial Agreement) نہیں ہوا تھا جو طلاق کے معاملات کو طے کرنے میں مدد دے سکتا۔
یہ معاہدہ عام طور پر شادی سے پہلے کیا جاتا ہے تاکہ ازدواجی زندگی کے خاتمے کی صورت میں جائیداد کی ملکیت کے مسائل واضح ہوں۔
زبانی معاہدے کے مطابق 5 ملین ڈالر کی ادائیگی
کانیے اور بیانکا، جو Yeezy برانڈ میں بھی شراکت دار ہیں، نے شادی سے پہلے کوئی قانونی معاہدہ نہیں کیا۔ تاہم، رپورٹس کے مطابق، دونوں کے درمیان زبانی معاہدہ ہوا تھا کہ علیحدگی کی صورت میں بیانکا کو 5 ملین ڈالر ادا کیے جائیں گے۔
قانونی کارروائی کی تیاری
ایک قریبی ذرائع کے مطابق، کانیے اور بیانکا نے اپنے نمائندوں کو جلد از جلد معروف وکلاء کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت دے دی ہے۔
علیحدگی کی وجوہات
یہ خبریں اس وقت سامنے آئیں جب کانیے ویسٹ کی ویب سائٹ پر نازی نشانات والے متنازعہ ٹی شرٹس متعارف کروائی گئیں، جس پر شدید ردعمل سامنے آیا۔
بتایا جا رہا ہے کہ اس حرکت کے بعد بیانکا نے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے الگ ہونے کا فیصلہ کیا۔
فی الحال، دونوں میں سے کسی نے بھی طلاق کی خبروں کی تصدیق نہیں کی ہے۔