بدھ کے روز ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے 13ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو سات وکٹوں سے شکست دے دی۔
169 رنز کے معمولی ہدف کے تعاقب میں، مہمان ٹیم نے صرف تین وکٹوں کے نقصان اور 17 گیندیں باقی رہتے ہوئے آسانی سے فتح اپنے نام کر لی۔
تین بار کے چیمپئنز نے تاہم، رنز کے تعاقب کا متضاد آغاز کیا جب ان کے فارم میں موجود اوپنر صاحبزادہ فرحان تیسرے اوور میں 29 رنز پر عبید شاہ کا شکار بن گئے۔ انہوں نے تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 13 گیندوں پر 22 رنز بنائے۔
اس کے بعد گوس کا ساتھ تجربہ کار کولن منرو نے دیا اور دونوں نے مل کر یونائیٹڈ کو مضبوط پوزیشن پر پہنچا دیا اور دوسری وکٹ کے لیے 81 رنز کی شراکت قائم کی یہاں تک کہ مؤخر الذکر 11ویں اوور میں اپنے ہم وطن مائیکل بریسویل کے ہاتھوں آؤٹ ہو گئے۔
منرو نے 28 گیندوں پر 45 رنز کی اننگز میں پانچ چوکے اور دو چھکے لگائے۔
دوسری جانب گوس آخر تک ناقابل شکست رہے اور چھ چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے 45 گیندوں پر 80 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر یونائیٹڈ کے لیے سب سے زیادہ اسکورر رہے۔
انہوں نے محمد نواز کے ساتھ 55 رنز کی شراکت بھی قائم کی، جنہوں نے 19 گیندوں پر 21 رنز بنائے۔
سلطانز کے لیے کرس جورڈن، عبید اور بریسویل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی جبکہ باقی بولرز وکٹ لینے میں ناکام رہے۔
اس سے قبل ہوم سائیڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے محتاط انداز میں اننگز کا آغاز کیا اور ان کی فارم میں موجود اوپننگ جوڑی کپتان محمد رضوان اور یاسر خان نے ساتویں اوور میں محمد نواز کا شکار بننے سے قبل 51 رنز جوڑے۔
یاسر، جنہوں نے منگل کو اسی مقام پر لاہور قلندرز کے خلاف میچ وننگ 87 رنز کی اننگز کھیلی تھی، لیڈرز یونائیٹڈ کے خلاف صرف دو چوکوں اور اتنے ہی چھکوں کی مدد سے 17 گیندوں پر 29 رنز ہی بنا سکے۔
اس کے بعد کپتان رضوان نے عثمان کے ساتھ دوسری وکٹ کے لیے 65 رنز کی شراکت قائم کی یہاں تک کہ وہ یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کے ہاتھوں آؤٹ ہو گئے۔
رضوان نے محتاط انداز میں 37 گیندوں پر 36 رنز بنائے اور صرف تین باؤنڈریز لگانے میں کامیاب رہے۔
اس کے بعد سلطانز کو بیٹنگ میں مزید دو دھچکے لگے جب مائیکل بریسویل اور افتخار احمد معمولی شراکت کے بعد پویلین لوٹ گئے۔
دوسری جانب عثمان کی مزاحمتی اننگز کا المناک اختتام ہوا جب وہ اننگز کے آخری اوور میں رن آؤٹ ہو گئے۔
وہ چار چوکوں اور اتنے ہی چھکوں کی مدد سے 40 گیندوں پر 61 رنز بنا کر سلطانز کے لیے سب سے زیادہ اسکورر رہے۔
درمیانی آرڈر کے بلے باز کامران غلام نے پھر صرف چھ گیندوں پر 13 رنز کی مختصر اننگز کھیل کر سلطانز کے ٹوٹل کو آخری لمحات میں کچھ سہارا دیا، جس میں ایک چوکا اور ایک چھکا شامل تھا۔
یونائیٹڈ کے لیے شاداب، نواز، ہولڈر اور ریلی میریڈتھ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پلئینگ الیون
ملتان سلطانز: محمد رضوان (کپتان اور وکٹ کیپر)، یاسر خان، عثمان خان، کامران غلام، طیب طاہر، مائیکل بریسویل، افتخار احمد، کرس جورڈن، اسامہ میر، جوش لٹل، عبید شاہ
اسلام آباد یونائیٹڈ: اینڈریز گوس (وکٹ کیپر)، صاحبزادہ فرحان، کولن منرو، شاداب خان (کپتان)، محمد نواز، حیدر علی، جیسن ہولڈر، عماد وسیم، سعد مسعود، ریلی میریڈتھ، سلمان ارشاد