عشق عقیدہ: محبت و عقیدت کی روشنی میں نعتیہ شاعری کی تقریبِ رونمائی


عشق عقیدہ: محبت و عقیدت کی روشنی میں نعتیہ شاعری کی تقریبِ رونمائی

تحریر: راجہ زاہد اختر خانزادہ

کراچی/ ڈیلس : پاکستان کی ادبی و ثقافتی تاریخ میں نعتیہ شاعری ہمیشہ سے ایک نمایاں اور محترم صنف رہی ہے، جس میں شعرا اپنے جذبات، عقیدت اور عشقِ مصطفیٰ ﷺ کو الفاظ کی صورت میں ڈھالتے ہیں۔ اس روایت کو آگے بڑھاتے ہوئے، پاکستان کے معروف صحافی، ادیب اور شاعر علاؤالدین ہمدم خانزادہ کی نعتیہ اور حمدیہ شاعری کا مجموعہ “عشق عقیدہ” ہفتے کی شام آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں ایک باوقار تقریب میں متعارف کرایا گیا۔

یہ تقریب نہ صرف ایک کتاب کی رونمائی تھی، بلکہ یہ عشقِ رسول ﷺ میں ڈوبی ہوئی محفل بھی تھی، جہاں نعت کی روحانی خوشبو نے حاضرین کے دلوں کو منور کیا۔

ادبی، صحافتی اور ثقافتی حلقوں سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات اس محفل میں شریک ہوئیں، جہاں نعتیہ شاعری کی معنویت، اثر انگیزی اور فنی خوبصورتی پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ تقریب کی صدارت نامور ادبی شخصیت پروفیسر سحر انصاری نے کی، جبکہ نظامت کے فرائض شکیل خان نے سرانجام دیے۔

پروگرام کا آغاز قاری کی تلاوت اور اس کے بعد نعت خوان ریحانہ احسان کی آواز میں “عشق عقیدہ” میں شامل ایک نعت کے روح پرور ترنم سے کیا گیا، جس نے محفل کو ایک مقدس احساس میں ڈھال دیا۔ تقریب کے صدر پروفیسر سحر انصاری نے خطاب کرتے ہوئے علاؤالدین ہمدم خانزادہ کی صحافتی اور ادبی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا: “علاؤالدین ہمدم خانزادہ ایک سینئر صحافی ہیں، جو ادبی دنیا میں ‘ہمدم’ کے قلمی نام سے پہچانے جاتے ہیں۔ ایک عام ادیب اور صحافی میں بنیادی فرق یہ ہے کہ صحافی کی تحریریں روزانہ شائع ہوتی ہیں، مگر اگر وہ تخلیقی ادب میں بھی اپنی جگہ بنائے تو یہ ایک غیرمعمولی صلاحیت کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ خانزادہ نے شاعری کے مختلف اصناف میں طبع آزمائی کی ہے اور ان کی نعتیہ شاعری میں جو خلوص اور محبت نظر آتی ہے، وہ انہیں ایک منفرد مقام عطا کرتی ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ نعت ایک ایسی صنف ہے جو ہر مومن کی زندگی کا لازمی جزو ہے۔ درود شریف کی تلاوت بھی دراصل نعت ہی کی ایک صورت ہے۔ “عشق عقیدہ” کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ:“اس کتاب میں نعتیہ شاعری کے مخصوص مضامین کو محض منظوم شکل نہیں دی گئی بلکہ خانزادہ نے اپنے شدید روحانی جذبات کو الفاظ کے پیرہن میں ڈھالا ہے۔”

انہوں نے اس موقع پر کتاب سے چند منتخب اشعار بھی سنائے، جنہیں حاضرین نے بے حد سراہا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علاؤالدین ہمدم خانزادہ نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے اس کتاب کی اشاعت کو اپنی زندگی کا ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا:“یہ میرے لیے اللہ کا خاص کرم ہے کہ مجھے نبی کریم ﷺ کی مدح سرائی کی توفیق ملی۔ یہ عشق اور عقیدت کا ایک ایسا سفر ہے، جس میں ہر لمحہ روشنی اور سرور ہے۔” انہوں نے اس موقع پر اپنی کتاب میں شامل ایک نعت بھی پیش کی، جس نے سامعین کو روحانی سرشاری میں مبتلا کر دیا۔ تقریب میں شریک دیگر معزز مقررین نے بھی “عشق عقیدہ” اور علاؤالدین ہمدم خانزادہ کی ادبی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا:اس موقع پر احمد شاہ (صدر، آرٹس کونسل آف پاکستان) نے کہا:“عشق عقیدہ” نہ صرف ایک نعتیہ مجموعہ ہے، بلکہ ایک طرزِ حیات کی عکاسی کرتا ہے۔ خانزادہ کی شاعری میں جو صداقت اور عقیدت ہے، وہ قاری کے دل میں اترتی ہے۔” فاضل جمیلی (صدر، کراچی پریس کلب) نے کہا: “میں خانزادہ صاحب کو کئی برسوں سے جانتا ہوں۔ یہ پہلا موقع تھا جب کراچی پریس کلب کی قیادت دو شاعروں کے ہاتھ میں تھی۔ ان کی نعتیہ شاعری اس بات کی غماز ہے کہ ان کا تخلیقی سفر ہمیشہ سے گہرے روحانی جذبات کا حامل رہا ہے۔”

خالد معین (معروف شاعر و نقاد) نے نعتیہ شاعری کے آداب پر گفتگو کرتے ہوئے کہا:

“ماضی میں کراچی میں نعت گوئی کے فروغ کے لیے ایک تحریک چلی تھی، جس میں نعت کے لیے الفاظ کے چناؤ پر خصوصی توجہ دی گئی۔ خانزادہ کی شاعری میں الفاظ کی تطہیر اور اظہار کی سادگی نظر آتی ہے، جو ایک کامیاب نعت گو شاعر کی پہچان ہے ڈاکٹر ایوب شیخ، ڈاکٹر عبدالجبار، عثمان جامعی اور خلیلہ فاروقی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور خانزادہ صاحب کو مبارکباد پیش کی۔ یہ کتاب محض ایک نعتیہ مجموعہ نہیں، بلکہ عشقِ رسول ﷺ کا ایسا مظہر ہے جو قاری کو ایک خاص روحانی تجربے سے گزارتا ہے۔ خانزادہ صاحب کی شاعری میں جہاں عقیدت کی گہرائی ہے، وہیں شعری حسن اور فنی مہارت بھی نمایاں ہے۔ یہ مجموعہ نعتیہ شاعری کی ایک ایسی کاوش ہے، جس میں محبت، خلوص، جذبہ اور فنی مہارت یکجا ہو کر ایک حسین نغمہ بن گئے ہیں۔

Screenshot

آرٹس کونسل میں ہونے والی یہ تقریب صرف ایک کتاب کی رونمائی نہ تھی، بلکہ ایک ایسا روحانی جشن تھا، جس میں محبت، عقیدت اور ادب کا حسین امتزاج نظر آیا۔ سامعین نے کتاب کو بے حد سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ یہ مجموعہ نہ صرف ادب کی دنیا میں بلکہ ہر عاشقِ رسول ﷺ کے دل میں ایک خاص مقام بنائے گا۔ علاؤالدین ہمدم خانزادہ کی یہ کاوش ادب، عقیدت اور محبت کا ایک حسین امتزاج ہے، جو ہر اس دل تک پہنچے گی، جہاں عشقِ رسول ﷺ کی روشنی موجود ہے۔

“عشق عقیدہ”— یہ صرف ایک کتاب نہیں، بلکہ دلوں کی دنیا میں چراغ جلانے والی روشنی ہے، اور آنے والی نسلیں بھی اس روشنی سے فیض یاب ہوتی رہیں گی۔


اپنا تبصرہ لکھیں