انڈین کامیڈی کنگ کِکو شردا کو پاکستان جانے کی خواہش۔ لاہور کے پراٹھے اور کراچی کی بریانی کھانے کی خواہش۔
رپورٹ: راجہ زاہد اختر خانزادہ
ڈیلس، ٹیکساس: بھارت کے معروف کامیڈین اور اداکار کِکو شردا، جو F.I.R، کامیڈی نائٹس ود کپل اور دی کپل شرما شو میں اپنے یادگار کرداروں کی وجہ سے عالمی شہرت رکھتے ہیں، نے ڈیلس میں جاگو ٹائمز نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے پاکستان جانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جانے کی خواہش ہے مگر ابھی تک پاکستان جانے کی کوئی کوشش نہیں کی، لیکن اب ضرور کریں گے کیونکہ وہاں کے لوگوں کا پیار محسوس ہوتا ہے۔ اسلیئے اگر موقع ملا تو میں پاکستان ضرور جاؤں گا اور اپنے مداحوں سے ملاقات کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے انہیں معلوم ہوتا ہے کہ ان کے پاکستان میں بھی انکے بہت سے مداح ہیں اور وہ لاہور اور کراچی جیسے بڑے شہروں میں ضرور جانا چاہیں گے۔ کِکو شردا نے مزید کہا: “ہم نے ہمیشہ پاکستانی ہیومر کو بہت سراہا ہے۔ پاکستان میں بھی کامیڈی کے شعبے میں بے پناہ کام ہوا ہے۔ میں نے ماضی میں انور مقصود کا مشہور شو لوز ٹاک بہت دیکھا ہے، جو میرا سب سے پسندیدہ شو رہا ہے۔”
کِکو شردا نے بتایا کہ وہ پہلے کپل شرما کے ساتھ ڈیلس آ چکے ہیں، لیکن اس بار اپنے انفرادی شوز کے لیے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا: “امریکی شوز بہت زبردست ہیں، اور یہاں کی آڈینس، جس میں پاکستانی نژاد افراد بھی شامل ہیں، بہت ریسیپٹو ہے۔ کامیڈی میں یہ بہت ضروری ہوتا ہے کہ ناظرین مزاح کو سمجھیں اور انجوائے کریں۔”
انہوں نے مزید کہا: “میں نے یہاں اپنے پرانے کردار جیسے بچہ یادو، پلک اور سنی دیول کے مزاحیہ انداز دوبارہ پیش کیے، اور لوگوں کو ہنسانا ہمیشہ خوشی دیتا ہے۔”
ذاتی زندگی اور خوش مزاجی سے متعلق یہ پوچھے جانے پر کہ کیا ان کی ہنسی کے پیچھے کوئی ذاتی غم چھپا ہے، کِکو شردا نے ہنستے ہوئے کہا: “مجھے نہیں لگتا کہ مجھے کوئی خاص غم ہے۔ میں اندر سے ٹھیک ہوں اور خوشی خوشی اپنا کام کرتا ہوں۔ لوگوں کو ہنسانے میں جو خوشی ملتی ہے، وہ ناقابل بیان ہے۔ جب لوگ ہمیں دیکھ کر مسکراتے ہیں، تو اس سے بڑھ کر خوشی کی کوئی بات نہیں ہو سکتی۔”
کپل شرما شو میں سدھو کی واپسی کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا: “ابھی تک سدھو صاحب ایک ایپی سوڈ کے لیے بطور مہمان آئے ہیں، لیکن آگے کیا ہوتا ہے، یہ وقت بتائے گا۔” انہوں نے مزید کہا: “سدھو صاحب کے ساتھ بہت سے یادگار ایپی سوڈ کیے ہیں۔ ان کے ون لائنرز کمال کے ہوتے ہیں، اور انہیں یقیناً مس کرتے ہیں۔ ابھی ہونے والے ایپی سوڈ کے دوران ان سے پرانی یادیں تازہ ہو گئیں۔ اب دیکھتے ہیں مستقبل میں کیا ہوتا ہے۔”
انہوں نے دیارِ غیر میں مقیم جنوبی ایشیائی کمیونٹی کو مشورہ دیتے ہوئے کہا: “زندگی کو زیادہ پیچیدہ نہ بنائیں۔ جب آپ خود اپنی زندگی کو کمپلیکیٹ کرتے ہیں، تو مسائل آتے ہیں۔ اپنے دماغ کو پرسکون رکھیں اور آسانی سے اپنی زندگی گزاریں۔ ہنستے کھیلتے، خوشی کے ساتھ، زندگی کو آسان بنایا جا سکتا ہے۔”
اس موقع پر ان کے ہمراہ حبا انٹر ٹینٹمنٹ کے سی ای او ناصر صدیقی، نشنل پرموٹر اور آرگنائزر مینو گپتا ،اور انکے پروگروموں میں نظامت کرنے والی اداکارہ, معروف ماڈل رینا شرما بھی اور ڈی ای ڈبلیو ایونٹ سینٹر کی مالک ناہید راحیل بھی موجود تھیں۔ ان سے کیئے گئے انڑویو کی وڈیو جوکہ اس نیوز کی ہمراہ ہے جسمیں یہ انٹریو بھی مزاح سے بھرپور ہے۔