بھارت: بنگلورو میں زیرِ تعمیر 7 منزلہ عمارت گر گئی، 5 افراد ہلاک، 7 زخمی


بھارتی شہر بنگلورو میں زیرِ تعمیر 7 منزلہ عمارت گر گئی،جس کے ملبے تلے دب کر 5 افراد ہلاک، 7 زخمی ہو گئے، جبکہ متعدد افراد کا ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلورو میں گرنے والی زیرِ تعمیر 7 منزلہ عمارت غیر قانونی تھی۔

کرناٹک کے نائب وزیرِ اعلیٰ ڈی کے شیو کمار کا کہنا ہے کہ گرنے والی عمارت غیر قانونی تھی، جہاں روزانہ 26 افراد کام کرتے تھے۔

نائب وزیرِ اعلیٰ کرناٹک نے بتایا کہ حادثے کے وقت 21 مزدور اس عمارت میں موجود تھے، جن میں سے 5 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ 7 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اب تک 13 افراد کو بچا لیا گیا ہے تاہم خدشہ ہے کہ متعدد افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔

ڈی کے شیو کمار کے مطابق اب تک اس عمارت سے متعلق جو اطلاعات موصول ہوئی ہیں ان کے مطابق اس بلڈنگ کو بنانے کی اجازت نہیں دی گئی تھی، یہاں غیر قانونی سرگرمیاں چل رہی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ اس غیر قانونی عمارت کے مالک کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، مالک، ٹھیکیدار اور تمام متعلقہ افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

نائب وزیرِ اعلیٰ کرناٹک ڈی کے شیو کمار نے یہ بھی کہا کہ پورے بنگلورو میں تمام غیر قانونی تعمیرات کو فوری طور ختم کر دیا جائے گا۔


اپنا تبصرہ لکھیں