بانیٔ پی ٹی آئی کے چیک اپ کیلئے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم


اسلام آباد ہائی کورٹ نے بانیٔ پی ٹی آئی کے چیک اپ کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم دے دیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے فیصلہ جاری کر دیا۔

عدالت کا اپنے حکم میں کہنا ہے کہ ایگزیکٹیو ڈائریکٹر پمز بانیٔ پی ٹی آئی کے طبی معائنے کے لیے بورڈ تشکیل دیں اور رپورٹ رجسٹرار آفس میں جمع کرائیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے بورڈ میں بانیٔ پی ٹی آئی کے ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل کو شامل کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔

عدالت کا کہنا ہے کہ عدالتی آرڈر کی کاپی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو بھی عمل درآمد کے لیے بھیجی جائے، بانیٔ پی ٹی آئی کی درخواست ہدایات کے ساتھ نمٹائی جاتی ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکم میں کہا ہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی کی عمر 72 سال ہے، وہ سابق وزیرِ اعظم اور انڈر ٹرائل قیدی ہیں۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اڈیالہ جیل میں سیکیورٹی اقدامات بی کلاس قیدی کے چیک اپ میں رکاوٹ نہیں ہو سکتے۔

واضح رہے کہ بانیٔ پی ٹی آئی نے اپنے ذاتی معالجین سے میڈیکل چیک اپ کے لیے درخواست دائر کی تھی۔


اپنا تبصرہ لکھیں