پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے موسمیاتی تبدیلی کو دنیا کا سب سے بڑا مسئلہ قرار دیتے ہوئے اس سے نمٹنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات پر زور دیا ہے۔
سندھ یونیورسٹی کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے، بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 2022 میں سندھ میں آنے والے تباہ کن سیلاب نے ظاہر کیا کہ موسمیاتی تبدیلی ہمارے مستقبل کے لیے کتنا بڑا خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں آئندہ ایسی آفات سے بچنے کے لیے جنگی بنیادوں پر تیاری کرنی ہوگی۔
انہوں نے توانائی کے شعبے میں پرانے اور غیر مؤثر طریقوں کے استعمال اور بجلی کی درآمد پر انحصار پر بھی سوال اٹھایا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں دنیا کی سب سے بڑی کوئلے کی کان سے نوازا ہے، جس کا استعمال کرتے ہوئے ہم سستی بجلی پیدا کر سکتے ہیں اور موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔
پی پی پی چیئرمین نے طلباء پر زور دیا کہ وہ اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھائیں اور ڈیجیٹل حقوق کے لیے جدوجہد کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں مل کر اپنا ڈیجیٹل بل آف رائٹس تحریر کرنا ہوگا، جو ہمارا جمہوری حق ہے۔