بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا ایک وفد کراچی کے نیشنل بینک اسٹڈیم کا دورہ کر رہا ہے تاکہ چیمپئنز ٹرافی 2025 کی تیاریوں کا جائزہ لیا جا سکے۔
چھ رکنی وفد میں آئی سی سی کے اہم افسران، براڈکاسٹرز اور لاجسٹک عملہ شامل تھا، جو ٹورنامنٹ کے لیے درکار تمام سہولتوں کا بغور جائزہ لے رہا تھا۔
اس دورے کا مقصد یہ تھا کہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل ہوں۔ ٹورنامنٹ 19 فروری 2025 سے شروع ہو گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ، عثمان وہلا نے وفد کو اسٹیڈیم میں جاری ترقیاتی کاموں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
اسٹیڈیم میں درکار ترقیاتی کام مکمل کرنے کی آخری تاریخ 25 جنوری 2025 رکھی گئی ہے تاکہ چیمپئنز ٹرافی کی ابتدا سے پہلے سب کچھ تیار ہو سکے۔
یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ آٹھ ٹیموں پر مشتمل اس ٹورنامنٹ میں 15 میچز ہوں گے، جو 19 فروری سے 9 مارچ تک کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں پاکستان اور دبئی میں کھیلے جائیں گے۔
آٹھ ٹیمیں دو گروپوں میں تقسیم ہیں: گروپ اے میں پاکستان، بھارت، نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش شامل ہیں، جبکہ گروپ بی میں افغانستان، جنوبی افریقہ، انگلینڈ اور آسٹریلیا ہیں۔
پاکستان میزبان کے طور پر 19 فروری کو نیوزی لینڈ کے خلاف کراچی میں پہلا میچ کھیلے گا، جبکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان متوقع معرکہ 23 فروری کو دبئی میں شیڈول ہے۔