ہیوسٹن میں منتخب پولیس کانسٹیبل علی شیخانی نے انتخابی وعدہ نبھاتے ہوئے اپنی ابتدائی تنخواہیں عطیہ کر دیں
رپورٹ: راجہ زاید اختر خانزادہ
ہیوسٹن : امریکہ کے شہر ہیوسٹن میں ریپبلکن پارٹی کے ٹکٹ پر منتخب ہونے والے پولیس کانسٹیبل پریسنکٹ 3، علی شیخانی نے اپنے انتخابی وعدے کو عملی جامہ پہنا دیا۔ انہوں نے اپنی حلف برداری کے بعد ابتدائی تین ماہ کی تنخواہیں مختلف امریکی فلاحی اداروں کو عطیہ کر دیں۔ اس مقصد کے لیے پریسنکٹ 3 کے دفتر میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مقامی این جی اوز، کمیونٹی لیڈرز اور پاکستانی و امریکی شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران ہر این جی او کو ساڑھے چار ہزار ڈالرز سے زائد مالیت کے چیکس پیش کیے گئے، جو مجموعی طور پر لاکھوں پاکستانی روپوں کے برابر بنتے ہیں۔ علی شیخانی، جو نہ صرف ایک عوامی نمائندے ہیں بلکہ ایک کامیاب بزنس مین بھی ہیں، انہوں نے اپنی تقریر میں کہا کہ میں نے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ میں اپنی چار سالہ مدت کے دوران ملنے والی تمام تنخواہ، جو کہ چھ لاکھ ڈالرز سے زائد بنتی ہے، اسے میں 100 سے زائد امریکی این جی اوز میں تقسیم کروں گا۔ یہ پیسہ عوام کا ہے، اور عوام پر ہی خرچ ہونا چاہیے۔”ان کے اس جذبہ خدمت کو امریکی اور پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے بھرپور سراہا جا رہا ہے۔ ناقدین اور مبصرین کے مطابق علی شیخانی کا یہ اقدام نہ صرف عوامی خدمت کا بہترین نمونہ ہے بلکہ امریکی سیاست میں ایک مثبت اور قابلِ تقلید مثال بھی قائم کرتا ہے۔

