رپورٹ: راجہ زاہد اختر خاںزادہ
ہیوسٹن :ہیوسٹن میں ہیومن ہینڈ فار ریلیف اینڈ ڈیولپمنٹ (HHRD) نے الائنس فار ڈیزاسٹر ریلیف (AFDR) اور کئی کمیونٹی تنظیموں کے ساتھ مل کر غزہ، فلسطین کے عوام کیلئے نئے امدادی سامان کے دو کنٹینر روانہ کیے ہیں جس میں کانگریس مین ال گرین، پاکستان کے قونصل جنرل آفتاب چوہدری، اور ٹیکساس کے ریاستی اسمبلی کے نمائندے ڈاکٹر سلیمان لالانی سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔
یہ تقریب اقوام متحدہ کے “ ورلڈ ہیومینیٹیرین ڈے “کے موقع پر منعقد کی گئی تھی جس میں 100 سے زائد کمیونٹی رضاکاروں کی نے حصہ لیا۔ سخت گرمی کے باوجود، رضاکاروں نے مل کر 40 فٹ کا کنٹینر ضروری سامان سے بھر کر غزہ کے لیے تیار کیا۔ کمیونٹی کے رہنماؤں میں سعید شیخ اور ڈاکٹر یعقوب شیخ (AFDR)، سابق ٹیسٹ کرکٹر جلال الدین، اور HHRD کی ٹیم کے دیگر اہم اراکین شامل تھے۔
کانگریس مین ال گرین نے اس موقع پر غزہ میں فوری جنگ بندی، علاقے کی دوبارہ تعمیر اور فلسطین کے قیام کی اپیل کی۔ انہوں نے خطے میں امن لانے کے لیے بین الاقوامی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ قونصل جنرل آفتاب چوہدری نے رضاکاروں کی لگن کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام فلسطین کی مدد کے لیے ہمیشہ تیار رہیں گے اور دنیا بھر میں مستحق افراد کی مدد کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔
HHRD کے تیسرے سالانہ “ڈے آف سروس “ کے موقع پر 15 سے زائد کمیونٹی پارٹنر تنظیموں اور میڈیا پارٹنرز، جن میں AFDR بھی شامل تھا، نے ایک کنٹینر تیار کیا جسے پہلے اردن اور پھر غزہ بھیجا جائے گا۔ ہیوسٹن کی کمیونٹی کی بھرپور حمایت کی بدولت، HHRD اور AFDR نے غزہ کے متاثرہ لوگوں کے لیے تین کنٹینرز تیار کرنے کے لیے کافی سامان اکٹھا کیا تھا۔
واضع رہے کہ “ورلڈ ہیومینیٹیرین ڈے ہر سال ان انسانی کارکنوں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے منایا جاتا ہے جنہوں نے دوسروں کی خدمت کرتے ہوئے اپنی جانیں قربان کیں، اور اس سال ہیوسٹن میں کی جانے والی یہ کوششیں غزہ کے لوگوں کے لیے ہمدردی اور مدد کے عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔