کراچی میں سفاک بیٹوں کا باپ پر مبینہ تشدد، قتل کے بعد لاش بوری میں ٹھکانے لگانے کی کوشش


کراچی کے فیڈرل بی ایریا میں ایک لرزہ خیز واقعے میں، مبینہ طور پر دو سنگدل بیٹوں نے اپنے ہی باپ کو تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کر دیا۔

ملزمان کو پولیس نے لاش کو ٹھکانے لگانے کی کوشش کرتے ہوئے گرفتار کیا، جسے انہوں نے ایک بوری میں بند کر دیا تھا۔

پولیس نے بتایا کہ موٹر سائیکل پر سوار دو افراد بوری کو پھینکنے کے لیے لے جا رہے تھے کہ پولیس نے ایف بی ایریا بلاک 15 کے جوہر آباد کے علاقے میں معمول کی چیکنگ کے دوران انہیں روکا۔ بوری کھولنے پر پولیس کو ایک شخص کی لاش ملی۔

گرفتار افراد نے اعتراف کیا کہ مقتول ان کا باپ خاور انجم تھا، جسے انہوں نے تشدد اور گلا گھونٹ کر قتل کیا تھا۔ مقتول انجم ایک یونانی طبیب (حکیم) تھے اور ان کا تعلق اصل میں میرپور خاص سے تھا۔ وہ اپنے دو بیٹوں کے ساتھ مدرسہ زکریا خیریہ کے ایک کمرے میں مقیم تھے۔

دونوں بیٹوں کی شناخت ابراہیم اور افضل کے نام سے ہوئی ہے، جنہیں حراست میں لے لیا گیا ہے۔ پولیس اس گھناؤنے جرم کے پیچھے اصل محرکات جاننے کے لیے مزید تحقیقات کر رہی ہے۔

پوچھ گچھ کرنے پر بیٹوں نے بتایا کہ انہوں نے اپنے باپ کو ان کے ساتھ برا سلوک کرنے اور انہیں زبردستی گاؤں واپس بھیجنے پر قتل کیا، جب کہ وہ شہر میں رہنا چاہتے تھے۔

انہوں نے کہا، “ہمارے والد چھوٹی چھوٹی باتوں پر چیخنا اور جھگڑنا شروع کر دیتے تھے۔”


اپنا تبصرہ لکھیں