حکومت نے وائی فائی ڈیوائسز کو خطرناک قرار دے دیا، سخت احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت

حکومت نے وائی فائی ڈیوائسز کو خطرناک قرار دے دیا، سخت احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت


کابینہ ڈویژن نے وفاقی وزارتوں، ڈویژنز اور صوبائی حکومتوں کو وائی فائی اور وائرلیس نیٹ ورک کے حوالے سے سکیورٹی کے خطرات سے آگاہ کیا ہے اور حساس معلومات کے تحفظ کے لیے سخت احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی ہے۔

حکومت کے ایک خط میں وائرلیس راؤٹرز کو کم محفوظ ڈیوائسز قرار دیا گیا ہے، جس میں یہ واضح کیا گیا کہ وائی فائی کے ذریعے نیٹ ورک ٹریفک کو آسانی سے روکا جا سکتا ہے، جس سے صارفین اور اداروں کو نمایاں خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ، خط میں یہ بھی خبردار کیا گیا کہ راؤٹر اپڈیٹس کے ذریعے انٹرنیٹ ٹریفک کو غیر محفوظ سمتوں میں منتقل کیا جا سکتا ہے اور وائی فائی نیٹ ورکس سے فائلز یا ڈائریکٹریاں غیر ارادی طور پر شیئر کی جا سکتی ہیں۔

ان خطرات سے بچاؤ کے لیے کابینہ ڈویژن نے صارفین کو چند اہم اقدامات کرنے کی تجویز دی ہے:

  1. مضبوط وائی فائی پاسورڈز کا استعمال: خط میں یہ تجویز کی گئی کہ غیر مجاز رسائی کے خطرات کو کم کرنے کے لیے مضبوط اور پیچیدہ پاسورڈز کا انتخاب کیا جائے۔
  2. گیسٹ نیٹ ورک کو غیر فعال کرنا: صارفین کو یہ مشورہ دیا گیا کہ وہ گیسٹ نیٹ ورک کو بند کردیں تاکہ صرف معتبر ڈیوائسز کو رسائی حاصل ہو۔
  3. وائی فائی کے نام کو خفیہ رکھنا: یہ تجویز دی گئی کہ صارفین اپنے وائی فائی نام یا آئی ڈی کو ظاہر نہ کریں تاکہ پرائیویسی اور سیکیورٹی کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔

یہ وارننگ وائرلیس نیٹ ورک کی سیکیورٹی کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے، خاص طور پر ایک ایسے ڈیجیٹل دور میں جہاں سائبر خطرات مسلسل بڑھ رہے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں