حکومت کا دہشت گرد تنظیموں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بلاک کرنے کا فیصلہ

حکومت کا دہشت گرد تنظیموں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بلاک کرنے کا فیصلہ


اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے تعاون سے دہشت گرد تنظیموں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ فیصلہ نیشنل ایکشن پلان کی کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا، جس کی صدارت وزیر داخلہ محسن نقوی نے کی۔

اجلاس میں نیکٹا اور صوبائی حکومتوں کے درمیان موثر رابطہ قائم کرنے اور انسداد دہشت گردی کی حکمت عملی کو مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔ وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ کالعدم تنظیموں کی آن لائن سرگرمیوں کو روکا جائے، اور متعلقہ ادارے اس پر مؤثر عملدرآمد کے لیے اقدامات کریں۔

انہوں نے جعلی سم کارڈز کی روک تھام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جدید آلات سے لیس کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ انٹیلیجنس آپریشنز کی کامیابی کے تحت اب تک 206 دہشت گردوں کو ختم کیا جا چکا ہے۔

ایک نیشنل فیوژن سینٹر بھی قائم کیا گیا ہے تاکہ مختلف اداروں کے درمیان ہم آہنگی کو یقینی بنایا جا سکے۔ ساتھ ہی ایک 10 رکنی مشترکہ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو ریاست مخالف پروپیگنڈا کرنے والوں کی نشاندہی کرے گی۔

ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ نے گزشتہ تین ماہ کے دوران 924 ریاست مخالف سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی نشاندہی کی، جن میں سے 312 اکاؤنٹس پہلے ہی بلاک کیے جا چکے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں