دل کے لیے خوشخبری: مکمل چکنائی والی ڈیری اور چاکلیٹ کا اعتدال میں استعمال فائدہ مند، نئی تحقیق


روایتی غذائی عقائد کے برعکس، ایک نئی تحقیق نے انکشاف کیا ہے کہ مکمل چکنائی والی ڈیری مصنوعات اور چاکلیٹ کا اعتدال میں استعمال قلبی امراض کے خطرے کو نمایاں طور پر کم کرتا ہے۔

جرنل آف کارڈیو ویسکولر ریسرچ نے انسائیڈر کے حوالے سے نتائج شائع کیے ہیں، جس میں محققین نے روایتی طور پر غیر صحت بخش سمجھی جانے والی غذاؤں میں حفاظتی اثرات کی نشاندہی کی ہے۔ تحقیق نے تجویز دی کہ دل کی صحت کو فروغ دینے کے لیے لوگوں کو مکمل طور پر ویگن غذا اپنانے کی ضرورت نہیں ہے۔

نیپلس یونیورسٹی کی ایک تحقیقی ٹیم، جس کی قیادت غذائیت کے سائنسدان کر رہے تھے، نے دل کی بیماری اور غذا سے متعلق تقریباً 100 مطالعات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے سرخ گوشت، مرغی، انڈے، ڈیری، گری دار میوے اور اناج جیسی غذائی اقسام پر توجہ مرکوز کی۔ ان کے تجزیے نے تصدیق کی کہ تھوڑی مقدار میں پنیر، چاکلیٹ اور دہی قلبی خطرات کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔

ٹیم نے پایا کہ جو افراد روزانہ دہی کا استعمال کرتے تھے — 200 گرام یا تین چوتھائی کپ — ان لوگوں کے مقابلے میں دل کی بیماری کے کم واقعات کا سامنا کرتے تھے جنہوں نے اسے اپنی غذا سے خارج کر دیا تھا۔ اسی طرح، روزانہ 50 گرام تک پنیر کا اعتدال میں استعمال مثبت نتائج کا حامل تھا۔

محققین نے ان اثرات کو دہی اور پنیر کی تیاری میں شامل ابال کے عمل سے منسوب کیا۔ نیپلس کی ٹیم نے بیان کیا، “ہم نے پایا کہ روزانہ 200 گرام تک ڈیری کا استعمال دل کی بیماری کے خطرے کو نہیں بڑھاتا ہے۔”

چاکلیٹ بھی غذا کے ایک فائدہ مند جزو کے طور پر سامنے آئی۔ نتائج نے ثابت کیا کہ روزانہ 20 گرام سے 45 گرام چاکلیٹ — نصف سے ڈیڑھ اونس کے برابر — کے سب سے زیادہ واضح فوائد تھے۔ تاہم، محققین نے ضرورت سے زیادہ چینی اور کیلوری کے استعمال کے منفی نتائج سے بچنے کے لیے روزانہ 10 گرام تک استعمال کو محدود کرنے کی سفارش کی ہے۔

تحقیق نے چاکلیٹ کے دل کی صحت کے فوائد کو کوکو میں پائے جانے والے فلیونولز نامی مرکبات سے جوڑا۔ اگرچہ تحقیق میں چاکلیٹ کی قسم کی وضاحت نہیں کی گئی، لیکن سابقہ تحقیق نے اشارہ کیا کہ ڈارک چاکلیٹ، جو فلیونولز اور اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہوتی ہے، سب سے زیادہ فوائد فراہم کرتی ہے۔ اس کے برعکس، دودھ کی چاکلیٹ میں پروسیس شدہ چکنائی اور اضافی شکر کی مقدار زیادہ ہوتی ہے، جو صحت کے ممکنہ خطرات کا باعث بنتی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں