ایک پرامن تعطیلات کا سفر رائل کیریبین کے “ریڈینس آف دی سی” کروز شپ پر سوار کئی افراد کے لیے ایمرجنسی صورتحال میں تبدیل ہو گیا۔
سی این این کے مطابق، امریکہ کے سنٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریونشن (CDC) نے اس ہفتے کروز پر گیسٹروئنٹرائٹس کے پھیلاؤ کی اطلاع دی، جس نے 2,164 مسافروں میں سے تقریباً 100 افراد کو متاثر کیا۔
CDC نے گیسٹروئنٹرائٹس کی نوعیت کی تفصیلات نہیں دی لیکن بتایا کہ اس کے اہم علامات میں قے اور دست شامل ہیں۔
ریڈینس آف دی سی کا یہ سفر یکم فروری کو شروع ہوا تھا اور ہفتہ 8 فروری کو اختتام پذیر ہونے والا تھا۔
اس وبا کی اطلاع سب سے پہلے CDC کے ویسل سنٹیشن پروگرام (VSP) کو منگل 4 فروری کو دی گئی۔
متاثرہ مسافروں کو جہاز کے باقی افراد سے علیحدہ کرنے کے ساتھ ساتھ کروز نے “صفائی اور جراثیم کشی کے اقدامات کو بڑھا دیا” اور “ٹیسٹنگ کے لیے آنتوں کے نمونے اکٹھا کیے۔”
VSP نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ “نورووائرس اکثر کروز کشتیوں پر گیسٹروئنٹرائٹس کے پھیلاؤ کی وجہ بنتا ہے، لیکن جب ہم تحقیقات شروع کرتے ہیں تو ہم ہمیشہ بیماری کے پھیلاؤ کی وجہ نہیں جان پاتے۔”
2025 کے آغاز میں نورووائرس کے کیسز میں اضافہ دیکھا گیا، جب کہ 2024 کروز کشتیوں پر پیٹ کی بیماریوں کے لیے ایک دہائی کا بدترین سال تھا۔
اس بیماری کے پھیلاؤ سے بچنے کے لیے، CDC نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ ہاتھوں کو بار بار دھونا اور مناسب آرام اور پانی کا استعمال کرنا ضروری ہے۔