فرانسیسی کسٹمز افسران نے ایک معمول کی جانچ کے دوران اٹلی کی سرحد کے قریب ڈایناسور کے نو دانت دریافت کیے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ دانت 28 جنوری کو A8 موٹر وے پر ایک ہسپانوی ٹرک میں پائے گئے۔
بی بی سی کے مطابق، کسٹمز افسران نے مشتبہ فوسلز کو دو پارسلوں میں پایا اور انہیں معائنے کے لیے مینٹن میں واقع ایک ماقبل تاریخ کے عجائب گھر بھیج دیا۔
جمعہ کے روز، ماہرین نے تصدیق کی کہ یہ دانت ایک ایسے رینگنے والے جانور کے ہیں جو مراکش میں دیر کریٹیشیس دور (72 سے 66 ملین سال قبل) میں پایا جاتا تھا۔
کسٹمز افسران A8 موٹر وے پر اسپین اور اٹلی کے درمیان چلنے والے ٹرکوں کو باقاعدگی سے معائنے کے لیے روکتے ہیں۔
کسٹمز ایجنٹ کبھی کبھار پارسل کھول کر چیک کرتے ہیں کیونکہ ان میں غیر قانونی منشیات موجود ہو سکتی ہیں۔
ماہرین کے مطابق، ان دانتوں میں سے ایک Zarafasaura oceanis کا ہے، جو ایک 3 میٹر لمبا سمندری رینگنے والا جانور تھا۔
مزید تین دانت Mosasaurus کے ہیں، جو ایک بڑا سمندری رینگنے والا جانور تھا اور اس کی لمبائی 12 میٹر تک ہو سکتی تھی۔
جبکہ، باقی پانچ دانت Dyrosaurus phosphaticus کے بتائے جا رہے ہیں، جو مگرمچھ کے قدیم رشتہ داروں میں شمار ہوتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق، ٹرک ڈرائیور نے حکام کو بتایا کہ وہ یہ پارسل جینوا اور میلان میں لوگوں تک پہنچانے جا رہا تھا۔
اگرچہ فوسلز جمع کرنا قانونی ہے، لیکن ان کی برآمد کے لیے اکثر لائسنس کی ضرورت ہوتی ہے، اور حکام اب وصول کنندگان کی شناخت کے لیے کام کر رہے ہیں۔