قومی فٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ کے معاہدے کی مدت مکمل


قومی مینز ٹیم کے ہیڈ کوچ اسٹیفن کونسٹنٹائن کے پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کے ساتھ معاہدے کی مدت مکمل ہوگئی۔

ہارون ملک کی سربراہی میں کام کرنے والی پی ایف ایف کی نارملائزیشن کمیٹی نے ستمبر 2023ء میں ان کا تقرر کیا تھا، کونسٹنٹائن کی کوچنگ میں پاکستان نے کمبوڈیا کو شکست دے کر اپنی تاریخ میں پہلی بار فیفا ورلڈ کپ کوالیفائرز کے دوسرے راؤنڈ تک رسائی حاصل کی تھی۔

اپنے پیغام میں کونسٹنٹائن نے کہا کہ پاکستان کی قومی ٹیم کی کوچنگ کا شاندار موقع فراہم کرنے پر پی ایف ایف کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس دوران تاریخی لمحات دیکھنے کو ملے، 17 اکتوبر 2023 کو جناح سٹیڈیم اسلام آباد میں کمبوڈیا کے خلاف فتح کےموقع پر مناظر زندگی بھر نہیں بھلا سکتا۔

کونسٹنٹائن نے یہ بھی کہا کہ پاکستان ٹیم کے ساتھ سفر میں اسٹاف کا تعاون مثالی رہا، مشکل سفر میں ہر قدم پر ساتھ دینے اور قابل قدر خدمات سر انجام دینے والوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں فٹ بال سے بے پناہ لگاؤ رکھنے والے شائقین نے قومی ٹیم کو بھرپور سپورٹ فراہم کی، جس کی وجہ سے شاہینز تاریخ رقم کرنے میں کامیاب ہوئے۔

پی ایف ایف کی نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک نے کہا کہ قوم ورلڈ کپ کوالیفائر میں پاکستان کی کامیابی کو ہمیشہ یاد رکھے گی، پاکستان فٹبال کیلئے کونسٹنٹائن کی خدمات کبھی فراموش نہیں کی جائیں گی۔


اپنا تبصرہ لکھیں