ایف آئی اے نے امیگریشن پر مسافروں کی سخت جانچ کے احکامات جاری کر دیے

ایف آئی اے نے امیگریشن پر مسافروں کی سخت جانچ کے احکامات جاری کر دیے


وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے ملک بھر میں امیگریشن کے ڈپٹی ڈائریکٹرز کو ہدایت دی ہے کہ وہ مسافروں کو طیارے میں سوار ہونے سے پہلے مزید سختی سے جانچیں تاکہ ملک میں بڑھتے ہوئے انسانی اسمگلنگ کے واقعات کو روکا جا سکے۔

یہ ہدایات خاص طور پر 15 سے 40 سال کے ان پہلے بار سفر کرنے والے مسافروں کے لیے جاری کی گئی ہیں جو نو شہروں سے سفر کرتے ہیں۔ ان میں سے خاص طور پر Fly Dubai اور Ethiopian Airlines کے ذریعے سفر کرنے والے نوجوان مسافروں پر کڑی نظر رکھنے کی تاکید کی گئی ہے۔

ہدایت نامے کے مطابق، آذربائیجان، ایتھوپیا، سینیگال، کینیا، روس، سعودی عرب، مصر، لیبیا، ایران، موریتانیا، عراق، ترکیہ، قطر، کویت، اور کرغزستان جانے والے مسافروں کی پروفائلنگ کا بہتر نظام نافذ کیا جائے۔

ایف آئی اے کے جاری کردہ بیان کے مطابق، پاکستانی شہری 15 ممالک کو یورپ اسمگلنگ کے لیے ٹرانزٹ پوائنٹ کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔

مزید برآں، گجرات، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، بھمبر، جہلم، ٹوبہ ٹیک سنگھ، حافظ آباد اور شیخوپورہ کے رہائشیوں کی خاص نگرانی کی جائے گی۔

مسافروں کی واپسی کے ٹکٹ، ہوٹل بکنگ، اور دیگر دستاویزات کی جانچ پڑتال انتہائی سختی سے کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ، مشتبہ مسافروں کے مالی انتظامات اور ان کے سفر کے مقاصد کی تصدیق کے لیے سخت انٹرویوز کیے جائیں گے۔

ایف آئی اے نے امیگریشن افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ تمام مشتبہ معاملات کا تفصیلی ریکارڈ رکھیں اور فوری طور پر رپورٹ کریں۔


اپنا تبصرہ لکھیں