ایف آئی اے کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سیل نے گلشنِ اقبال سے تین بنگلہ دیشی بہنوں کو غیر قانونی طور پر پاکستانی شناختی کارڈز حاصل کرنے پر گرفتار کیا۔
تفصیلات کے مطابق، ملزمان عائشہ ناز، حنا ناز، اور افشاں ناز 2022 میں درج ایک مقدمے میں مطلوب تھیں۔
تحقیقات کے دوران پتہ چلا کہ ملزمان نے جعل سازی کے ذریعے پاکستانی شناختی کارڈز حاصل کیے اور ایک ایجنٹ کی مدد سے جعلی پیدائش اور وفات کے سرٹیفکیٹس بھی بنوائے۔
حکام کے مطابق، یہ جعلی سرٹیفکیٹس لیاقت آباد ٹاؤن کی رضویہ سوسائٹی کے یونین کونسل سیکریٹری نے جاری کیے تھے۔ ایف آئی اے نے ان افراد کی گرفتاری کے لیے مزید کارروائیاں شروع کر دی ہیں جو ان ملزمان کی معاونت کر رہے تھے۔
مزید برآں، تفتیش کے دوران نادرا کے عملے کے کسی بھی ممکنہ ملوث ہونے کی جانچ کی جائے گی۔ ایف آئی اے ان غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث نیٹ ورکس کو ختم کرنے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔