ادارہ شماریات کا انکشاف: گزشتہ ہفتے مہنگائی میں 1.92 فیصد کمی ریکارڈ


وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق، گزشتہ ہفتے مہنگائی میں 1.92 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

ادارے نے ہفتہ وار مہنگائی کے تازہ ترین اعداد و شمار جاری کیے ہیں، جس میں کئی ضروری اشیاء کی قیمتوں میں کمی جبکہ دیگر میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

گزشتہ ہفتے اٹھارہ اشیاء کی قیمتیں کم ہوئیں، جبکہ بائیس اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی منفی 3.52 فیصد تک پہنچ گئی۔

ادارہ شماریات کے مطابق، اٹھارہ ضروری اشیاء سستی ہوئیں، جبکہ گیارہ مہنگی ہوئیں۔ بائیس اشیاء کی قیمتیں بدستور برقرار رہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ زندہ برائلر مرغی کی قیمت میں 11.75 فیصد کمی ہوئی، جبکہ گندم کا آٹا 5.68 فیصد سستا ہوا۔

لہسن کی قیمت میں 4.66 فیصد، کیلے میں 3.51 فیصد، پیاز میں 1.93 فیصد اور چاول میں 1.58 فیصد کمی ہوئی۔ سرسوں کا تیل، ٹماٹر، بجلی اور ایل پی جی بھی سستے ہوئے۔

دوسری جانب، گزشتہ ہفتے آلو 6.94 فیصد مہنگے ہوئے، اور انڈوں کی قیمت میں 0.66 فیصد اضافہ ہوا۔ گڑ، دہی، دالیں، چنے اور سگریٹ کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا۔


اپنا تبصرہ لکھیں