انجرو کارپوریشن نے اپنے ٹیلی کمیونیکیشن انفراسٹرکچر کے منصوبے کے تحت VEON کے ساتھ ایک اہم شراکت داری کا اعلان کیا ہے۔ اس شراکت داری کا مقصد پاکستان میں ٹاور شیئرنگ کے ذریعے ٹیلی کام سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں کے اخراجات میں کمی لانا اور ان کے لیے خدمات کی فراہمی کو مزید موثر بنانا ہے۔ انجرو اس وقت پاکستان کے تمام موبائل نیٹ ورک آپریٹرز کو انفراسٹرکچر فراہم کرتا ہے اور اس کا مقصد کم لاگت پر خدمات کی رسائی کو ممکن بنانا ہے، تاکہ دور دراز کے علاقوں میں بھی رابطے کی سہولت مہیا کی جا سکے۔
اس منصوبے میں VEON کی زیرملکیت کمپنی جاز (Jazz) کا مرکزی کردار ہے، جو پاکستان کی سب سے بڑی موبائل آپریٹر کمپنی ہے۔ دونوں ادارے اس شراکت داری کے ذریعے پاکستان میں ڈیجیٹل انکلوژن اور معاشی ترقی کو مزید مستحکم کرنے کے لئے کام کریں گے۔
انجرو کے چیئرمین حسین داؤد نے اس شراکت داری کو پاکستان کی ٹیلی کمیونیکیشن کے منظرنامے میں ایک تبدیلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے موبائل نیٹ ورک آپریٹرز کم لاگت پر جدید خدمات فراہم کرنے میں کامیاب ہوں گے۔ اس کے ساتھ ہی، جاز کمپنی کے ساتھ طویل مدتی تعلقات بھی مضبوط ہوں گے، جس سے پاکستان کے عوام کو بہتر اور سستی ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی فراہم کی جا سکے گی۔