برطانوی ٹینس کھلاڑی ایما ریڈکانو نے مبادلہ ابو ظہبی اوپن کے پہلے راؤنڈ میں تیسری مسلسل شکست کا سامنا کیا۔
بی بی سی کے مطابق، 22 سالہ کھلاڑی ابو ظہبی اوپن کے پہلے راؤنڈ میں سابق ومبلڈن چیمپئن مارکیٹا ووندروسووا کے ہاتھوں 6-3، 6-4 سے شکست کھا گئیں، یہ میچ منگل 4 فروری 2025 کو انٹرنیشنل ٹینس سینٹر، زاید اسپورٹس سٹی میں کھیلا گیا۔
اچھے آغاز کے باوجود، ایما نے پہلا سیٹ ہار دیا اور وائلڈ کارڈ انٹری کے باوجود فائدہ نہ اٹھا سکیں، جبکہ ووندروسووا، جو جنوری میں کندھے کی سرجری کے بعد چھ ماہ کے وقفے سے واپس آئی ہیں، نے دوسرے سیٹ میں ابتدائی بریک پوائنٹس بچائے اور 5-3 کی برتری کے لیے بریک کیا۔
ووندروسووا نے اپنے کورٹ انٹرویو میں کہا، “یہ ایک سخت میچ تھا۔ اس نے شاندار رالیز کھیلا، اور آخر تک یہ جنگ تھی۔ تو میں بہت خوش ہوں۔ میں اپنے اگلے میچ کا انتظار نہیں کر سکتی۔”
یہ ایما ریڈکانو کی مسلسل تیسری شکست ہے، جو 2025 آسٹریلین اوپن اور سنگاپور اوپن میں پہلے راؤنڈ میں باہر ہونے کے بعد آئی ہے۔
اس کے علاوہ، ووندروسووا اب 5 فروری 2025 کو راؤنڈ آف 16 میں چوتھی سیڈ والی قازق ٹینس کھلاڑی یولیا پنتنسیوا کا مقابلہ کریں گی۔