امریکی صدراتی الیکشن میں سوئنگ اسٹیٹس کا کردار اہم، 7 ریاستیں فیصلہ کریں گی اگلا صدر کون ہوگا


امریکی صدارتی انتخابات میں 7 ریاستوں، ایریزونا، جارجیا، مشیگن، نیواڈا، شمالی کیرولینا، پینسلوینیا اور وسکونسن کا کردار اہم ہوگا۔

 ڈیموکریٹ امیدوار کملا ہیرس اور ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان سخت مقابلے کا امکان ہے اور یہی ریاستیں فیصلہ کریں گی ملک کا اگلا صدر کون ہو گا۔

ڈیموکریٹک اور ریپبلکن، دونوں جماعتیں سوئنگ اسٹیٹس کہلانے والی ان ریاستوں میں، غیر فیصلہ کن ووٹروں پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں جن کا ووٹ ان کےلیے فیصلہ کن ثابت ہو سکتا ہے۔

7.4 ملین آبادی والی ریاست ایریزونا، میں الیکٹورل کالج ووٹوں کی تعداد11 ہے۔

ایریزونا کی میسکیکو کے ساتھ ملنے والی سرحد کے سبب امیگریشن اور اسقاط حمل کے حق سے متعلق تنازعات بھی سامنے آچکے ہیں۔

11 ملین آبادی والی ریاست جارجیا کے الیکٹورل کالج کی تعداد 16 ہے۔ جارجیا کی آبادی کا ایک تہائی حصہ افریقی نژاد امریکی ہے، جو ملک کے سیاہ فام باشندوں کے سب سے بڑے تناسب میں سے ایک ہے اور یہ خیال کیا جاتا ہے کہ 2020 میں بائیڈن کی اس ریاست میں کامیابی میں اس آبادی کا اہم کردار تھا، کملا ہیرس اس حلقے کو متحرک کرنے کی امید رکھتی ہیں۔

10 ملین آبادی اور 15 الیکٹورل کالج رکھنے والی ریاست مشی گن میں گذشتہ دو صدارتی انتخابات میں جو امیدوار کامیاب ہوا، وہی وائٹ ہاؤس تک پہنچا۔

مشی گن میں عرب نژاد امریکیوں کی آبادی کا تناسب سب سے زیادہ ہے، یہ ریاست غزہ کی جنگ کے دوران اسرائیل کے لیے امریکی صدر کی حمایت پر ملک گیر ردعمل کی علامت بن گئی ہے۔

6 الیکٹورل کالج رکھنے والی ریاست، نیواڈا نے گذشتہ کئی صدارتی انتخابات میں ڈیموکریٹس کو ووٹ دیا ہے، لیکن اس بار یہاں ریپبلکنز کی طرف جھکاؤ کے آثار ہیں۔ دونوں امیدوار ریاست کی قابل ذکر لاطینی آبادی کا اعتماد جیتنے کے لیے کوشاں ہیں۔

16 الیکٹورل کالج رکھنے والی ریاست شمالی کیرولائنا میں کملا ہیرس کی بطور صدارتی امیدوار نامزدگی کے بعد مقابلہ سخت ہو گیا ہے اور کچھ تجزیہ کار اب اسے ’ٹاس اپ‘ سمجھ رہے ہیں۔ شمالی کیرولائنا کی سرحد جارجیا سے متصل ہے اور اس کے کچھ سرفہرست انتخابی خدشات جارجیا اور ایریزونا سے ملتے جلتے ہیں۔

پنسلوانیا میں الیکٹورل کالج کی تعداد 19 ہے، دیگر ریاستوں کی طرح یہاں بھی معیشت سب سے اہم مسئلہ ہے۔

10 الیکٹورل کالج رکھنے والی ریاست وسکونسن میں رائے شماری کے اندازے آزاد امیدوار رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر کی خاطر خواں حمایت کا اشارہ دیتے ہیں۔ اس سے ہیرس یا ٹرمپ کے ووٹ کم پڑ سکتے ہیں۔ کینیڈی نے اگست کے اواخر میں اپنی مہم ختم کر کے ٹرمپ کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔ ٹرمپ نے اس ریاست کو ’بہت اہم‘ قرار دیا ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں