ڈونلڈ ٹرمپ کے وائٹ ہاؤس نے ویلنٹائن ڈے کے موقع پر ایک متنازعہ پوسٹ شیئر کی، جس نے سوشل میڈیا پر شدید غصے کو جنم دیا۔
دی مرر کے مطابق، امریکی صدر، جنہوں نے اپنی انتخابی مہم کے دوران بار بار غیر قانونی تارکین وطن کو روکنے اور واپس بھیجنے کا وعدہ کیا تھا، نے ایک ویلنٹائن نظم کے ذریعے ایک خاص پیغام شیئر کیا، جس میں انہیں ملک بدری کی دھمکی دی گئی۔
وائٹ ہاؤس کے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ نے جمعہ، 14 فروری 2025 کو ایک پوسٹ شیئر کی، جس میں ٹرمپ اور “بارڈر زار” ٹام ہومین موجود تھے، اور اس میں ایک من گھڑت شعر لکھا تھا:
“گلاب لال ہیں، وایلیٹ نیلے ہیں، غیر قانونی طور پر آؤ گے، تو ہم تمہیں نکال دیں گے۔”
وائٹ ہاؤس نے اس پوسٹ کے نیچے تبصرہ بھی کیا: “ہیپی ویلنٹائن ڈے”۔
یہ پوسٹ منظر عام پر آتے ہی انٹرنیٹ صارفین کی جانب سے سخت تنقید کا نشانہ بنی، جنہوں نے اسے “قابل نفرت” اور “مایوس کن” قرار دیا۔
ایک صارف نے لکھا، “جو بھی اس اکاؤنٹ کو چلا رہا ہے، اسے فوراً نوکری سے نکالا جانا چاہیے۔”
دوسرے نے کہا، “یہ بہت غیر پیشہ ورانہ اور شرمناک ہے۔”
تیسرے شخص نے تبصرہ کیا، “مجھے شدید مایوسی ہوئی ہے۔ آخر کوئی یہ کیسے سوچ سکتا ہے کہ یہ قابل قبول ہے؟ وائٹ ہاؤس سے؟ یہ ملک کس طرف جا رہا ہے؟”
ایک اور تبصرہ میں کہا گیا، “حکومت ایک میم پیج کیوں بنتی جا رہی ہے؟”
جبکہ ایک صارف نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے لکھا، “میں نے دو بار صفحہ ریفریش کیا تاکہ تصدیق کر سکوں کہ یہ حقیقت میں پوسٹ کیا گیا ہے!”
یہ پوسٹ ایسے وقت میں سامنے آئی جب چند دن قبل وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری کیرولین لیویٹ نے اعلان کیا تھا کہ ٹرمپ کے دوسرے دورِ صدارت کے آغاز سے اب تک 8,000 سے زائد افراد کو امیگریشن قوانین کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا جا چکا ہے۔ کچھ غیر قانونی تارکین وطن کو ملک بدر کیا گیا ہے جبکہ دیگر کو قید میں بھیج دیا گیا ہے۔