ڈونلڈ ٹرمپ کی فرینچ فرائز بیچتے ہوئے ویڈیو وائرل


سابق امریکی صدر اور ریپبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی فرینچ فرائز بیچتے ہوئے ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر موجود اپنے آفیشل اکاؤنٹ پر انتخابی مہم کی ایک نئی ویڈیو شیئر کی ہے۔

ویڈیو میں وہ امریکی ریاست پنسلوانیا میں انتخابی مہم کے دوران معروف فاسٹ فوڈ برانچ کا دورہ کرتے اور وہاں پر عملے کی مدد سے فرینچ فرائز تیار کر کے کسٹمرز کو پیش کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ کو اس ویڈیو میں معروف فاسٹ فوڈ کے عملے اور برانچ کے باہر جمع ہونے والے اپنے حمایتی شہریوں سے گفتگو کرتے بھی نظر آ رہے ہیں جہاں انہیں صدارتی انتخاب میں اپنی مخالف ڈیموکریٹ امیدوار کملا ہیرس پر طنز کے تیر برساتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

اُنہوں نے فاسٹ فوڈ برانچ کے عملے سے مخاطب ہو کر کہا کہ میں ہمیشہ سے ہی یہاں کام کرنا چاہتا تھا لیکن میں نہیں کر سکا، اب میں صدارتی انتخاب میں ایک ایسی خاتون کے خلاف کھڑا ہوں جنہوں یہ کام کرنے کے بارے میں ایک بالکل جھوٹی کہانی سنائی ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے فرنچ فرائز اپنے کسٹمرز کو دیتے ہوئے بتایا کہ مجھے یہاں کام کرتے ہوئے بہت مزہ آ رہا ہے۔

اُنہوں نے طنزیہ انداز میں مزید کہا کہ میں آج یہاں کملا ہیرس سے 15 منٹ زیادہ کام کر چُکا ہوں۔

یاد رہے کہ ڈیموکریٹ امیدوار کملا ہیرس اکثر اپنی جدوجہد کے  بارے میں بات کرتے ہوئے اس بات کا ذکر کرتی نظر آتی ہیں کہ اُنہوں نے اپنی جوانی میں مذکورہ فاسٹ فوڈ کی شاپ میں بھی کام کیا تھا۔


اپنا تبصرہ لکھیں