دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ نے جمعہ کی رات راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے افتتاحی مقابلے میں لاہور قلندرز کو آٹھ وکٹوں سے یکطرفہ شکست دے دی۔
140 رنز کے معمولی ہدف کے تعاقب میں، دفاعی چیمپئنز نے صرف دو وکٹوں کے نقصان اور 14 گیندیں باقی رہتے ہوئے باآسانی فتح اپنے نام کر لی۔
تاہم، میزبان ٹیم نے رن کے تعاقب کا متضاد آغاز کیا جب ان کے ڈیبیو کرنے والے اوپنر اینڈریز گوس دوسرے اوور میں صرف آٹھ رنز پر پویلین لوٹ گئے۔
ابتدائی دھچکے کے بعد، منرو نے صاحبزادہ فرحان کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالا اور دونوں نے دوسری وکٹ کے لیے 55 رنز کی شراکت قائم کی یہاں تک کہ نویں اوور میں اوپنر حارث رؤف کا شکار بن گئے جنہوں نے 24 گیندوں پر 25 رنز بنائے۔
اس کے بعد منرو نے سلمان علی آغا کے ساتھ مل کر 80 رنز کی میچ وننگ شراکت قائم کی اور یونائیٹڈ کو فتح دلائی۔
اوپر کے بلے باز نے 42 گیندوں پر ناقابل شکست 59 رنز بنائے جس میں سات چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، جبکہ آغا نے 34 گیندوں پر تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناقابل شکست 41 رنز بنائے۔
قلندرز کے لیے عباس آفریدی اور رؤف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کا پہلے باؤلنگ کرنے کا فیصلہ دفاعی چیمپئنز کے لیے فائدہ مند ثابت ہوا کیونکہ ان کے ہولڈر کی قیادت میں باؤلنگ یونٹ نے قلندرز کے بیٹنگ یونٹ کو تہس نہس کر دیا، جو 19.2 اوورز میں آؤٹ ہونے سے قبل صرف 139 رنز ہی بنا سکی۔
قلندرز کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا جب انہوں نے دوسرے اوور میں صرف چار رنز پر اپنے اہم بلے باز فخر زمان (ایک) کو کھو دیا۔
نمبر تین پر بیٹنگ کے لیے آنے والے عبداللہ شفیق نے جلد ہی ایک اینڈ سنبھال لیا لیکن مہمان ٹیم دوسری جانب سے مسلسل وکٹیں گنواتی رہی، جس کے نتیجے میں وہ بورڈ پر بڑا ٹوٹل پوسٹ کرنے میں ناکام رہے۔
شفیق آخری اوور تک کریز پر موجود رہے اور قلندرز کے لیے سب سے زیادہ 38 گیندوں پر 66 رنز بنا کر واپس لوٹے، جس میں چھ چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔
انہوں نے ڈیرل مچل اور سکندر رضا کے ساتھ اہم شراکتیں بھی کیں، جو قلندرز کے لیے دیگر دو نمایاں رنز بنانے والے کھلاڑی تھے، جنہوں نے بالترتیب 13 اور 23 رنز بنائے۔
تاہم، قلندرز کے بقیہ بلے باز یونائیٹڈ کے منظم باؤلنگ اٹیک کے خلاف جدوجہد کرتے نظر آئے کیونکہ ان میں سے کوئی بھی ڈبل فیگرز تک نہ پہنچ سکا۔
یونائیٹڈ کے لیے جیسن ہولڈر بہترین باؤلر رہے، جنہوں نے اپنے چار اوورز میں 26 رنز کے عوض شاندار چار وکٹیں حاصل کیں، جبکہ کپتان شاداب نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ عماد وسیم، نسیم شاہ اور غیر ملکی تیز گیند باز ریلی میرڈیتھ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
آٹھ وکٹوں کی اس فتح نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو ایک میچ میں دو پوائنٹس کے ساتھ پی ایس ایل 10 کے پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست کر دیا، جبکہ لاہور قلندرز سب سے نیچے پہنچ گئی۔
پلینگ الیون:
اسلام آباد یونائیٹڈ: اینڈریز گوس، صاحبزادہ فرحان، کولن منرو، سلمان آغا، اعظم خان (وکٹ کیپر)، شاداب خان (کپتان)، جیسن ہولڈر، محمد شہزاد، عماد وسیم، نسیم شاہ، ریلی میرڈیتھ۔
لاہور قلندرز: فخر زمان، عبداللہ شفیق، محمد نعیم، ڈیرل مچل، سیم بلنگز (وکٹ کیپر)، سکندر رضا، ڈیوڈ ویزے، شاہین آفریدی (کپتان)، جہانداد خان، حارث رؤف، آصف آفریدی۔