ڈیلس میں عابد حسین ملک کی رہائشگاہ پر مرحوم ملک خادم حسین کے ایصالِ ثواب کے لیے اجتماعی دعا اور فاتحہ خوانی کا اہتمام


ڈیلس میں عابد حسین ملک کی رہائشگاہ پر مرحوم ملک خادم حسین کے ایصالِ ثواب کے لیے اجتماعی دعا اور فاتحہ خوانی کا اہتمام

رپورٹ: راجہ زاہد اختر خانزادہ

ڈیلس: ڈیلس کی معروف سماجی شخصیت، پاکستان سوسائٹی آف نارتھ امریکہ کے بورڈ آف ٹرسٹی کے رکن اور سابق صدر، عابد حسین ملک کی رہائشگاہ پر ان کے ماموں سسر ملک خادم حسین مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے ایک روح پرور دعائیہ تقریب اور فاتحہ خوانی کا اہتمام کیا گیا۔

اس موقع پر قرآن خوانی، نیاز و لنگر کا خصوصی انتظام کیا گیا، جبکہ مولانا اصیل نے مرحوم کی مغفرت اور درجات کی بلندی کے لیے دعا کرائی۔

مولانا اصیل نے دعا سے قبل مختصر خطاب میں دعا مغفرت کی اہمیت، موت کی حقیقت اور دنیا کی ناپائیداری پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ انسان کا اصل سرمایہ اس کے اعمال ہیں، اور دنیا فانی جبکہ آخرت دائمی ہے۔ انہوں نے حاضرین کو تلقین کی کہ وہ مرحومین کے لیے ایصالِ ثواب کو اپنا معمول بنائیں۔

تقریب میں ڈیلس کمیونٹی کی معزز شخصیات سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی، جو اپنے اہل خانہ کے ہمراہ عابد حسین ملک سے تعزیت اور اظہارِ ہمدردی کے لیے ان کے گھر پہنچے۔ خواتین کی بڑی تعداد نے بھی نوشین ملک (اہلیہ عابد حسین ملک) سے ملاقات کر کے ان سے اظہارِ تعزیت کیا اور مرحوم کی مغفرت کے لیے دعائیں کیں۔

واضح رہے کہ ملک خادم حسین رواں ماہ کے اوائل میں پاکستان میں حرکتِ قلب بند ہو جانے کے باعث انتقال کر گئے تھے، اور انہیں ان کے آبائی قبرستان میں سپردِ خاک کیا گیا تھا۔

عابد حسین ملک اور ان کی اہلیہ نوشین ملک دو روز قبل پاکستان سے ڈیلس واپس پہنچے ہیں، جہاں ان کی رہائشگاہ پر تعزیت کرنے والوں کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔

عابد حسین ملک اور نوشین ملک نے اپنے پیغام میں ڈیلس کمیونٹی سمیت پاکستان اور امریکہ بھر میں موجود دوستوں، عزیزوں اور احباب کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ:

“دکھ کی اس گھڑی میں جس طرح آپ سب نے ہمارا ساتھ دیا، وہ ہمارے لیے ایک بڑی تسلی اور حوصلے کا باعث ہے۔ اللہ آپ سب کو جزائے خیر عطا فرمائے۔”


اپنا تبصرہ لکھیں