برٹش کونسل نے لاہور کے تمام مراکز پر جمعرات کی سہ پہر (PM) کے سیشن میں ہونے والے تمام GCE، IGCSE، IELTS، اور یونیورسٹی آف لندن کے امتحانات کشیدگی کے باعث منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
کونسل کی جانب سے جاری ایک بیان کے مطابق، یہ فیصلہ تمام امیدواروں کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ امتحانی بورڈز کے ساتھ مل کر کیا گیا ہے۔
کونسل نے کہا، “یہ فیصلہ امیدواروں کی حفاظت اور سلامتی کو ترجیح دینے کے لیے کیا گیا ہے،” اور طلباء اور والدین پر زور دیا کہ وہ تازہ ترین اپ ڈیٹس کے لیے صرف برٹش کونسل کے آفیشل پلیٹ فارمز پر انحصار کریں۔
امیدواروں کو مزید رہنمائی کے لیے اپنے سکولوں سے رابطے میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ نجی امیدواروں سے کہا گیا ہے کہ وہ مدد کے لیے برٹش کونسل کے کسٹمر سروسز سینٹر سے رابطہ کریں۔
بیان میں یہ ذکر نہیں کیا گیا کہ امتحانات دوبارہ شیڈول ہوں گے یا نہیں، لیکن اس بات پر زور دیا گیا کہ تمام تر اعلانات آفیشل چینلز کے ذریعے کیے جائیں گے۔
یہ پیش رفت بھارت کی جانب سے بدھ کی صبح سویرے پاکستان میں بلا اشتعال حملوں کے بعد سامنے آئی ہے، یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب دو ہفتے قبل بھارت نے اپنے پڑوسی ملک پر مقبوضہ کشمیر میں ایک حملے میں ملوث ہونے کا الزام لگایا تھا جس میں 26 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
اسلام آباد نے اس الزام کی تردید کی تھی اور میزائل حملوں کا جواب دینے کا عزم کیا تھا، اور یہ بھی کہا تھا کہ اس نے پانچ بھارتی طیارے، 25 ڈرون مار گرائے ہیں اور متعدد چوکیوں کو نقصان پہنچایا ہے۔
جیسے جیسے کشیدگی جاری ہے، ملک بھر میں حکام ہائی الرٹ ہیں، اور پروازیں بھی وقفے وقفے سے معطل کی جا رہی ہیں۔