ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں بابر اعظم پہلی بار ٹاپ 10 سے باہر، دیگر پاکستانی کھلاڑیوں کی کارکردگی


پاکستان کے مایہ ناز بلے باز بابر اعظم آٹھ سالوں میں پہلی بار آئی سی سی مردوں کی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں ٹاپ 10 سے باہر ہو گئے ہیں، وہ تین درجے پھسل کر 12ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ دائیں ہاتھ کا یہ بلے باز اب اپنے ساتھی محمد رضوان سے صرف ایک درجہ آگے ہے، کیونکہ دونوں کو نئے کپتان سلمان آغا کی قیادت میں رواں سال کے اوائل میں پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی سکواڈ سے ڈراپ کر دیا گیا تھا۔

بابر کی آخری ٹی ٹوئنٹی پرفارمنس جنوری میں تھی، جہاں انہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف لگاتار تین نصف سنچریاں سکور کیں، اس کے بعد ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنی پہلی تین اننگز میں وہ سنگل فیگر میں آؤٹ ہو گئے۔ حال ہی میں اختتام پذیر ہونے والی پاکستان سپر لیگ میں، انہوں نے 36.00 کی اوسط سے 288 رنز بنائے جس میں تین نصف سنچریاں اور 128.57 کا سٹرائیک ریٹ شامل تھا۔

دریں اثنا، سینئر بلے باز محمد رضوان اور فخر زمان کی رینکنگ میں کمی دیکھی گئی۔ بائیں ہاتھ کے بلے باز فخر 10 درجے گر کر 87ویں نمبر پر 406 پوائنٹس کے ساتھ، جبکہ رضوان ایک درجہ پھسل کر 13ویں نمبر پر آ گئے۔

دوسری جانب، پاکستان کی بنگلہ دیش کے خلاف 3-0 کی شاندار ٹی ٹوئنٹی سیریز میں وائٹ واش کا مثبت اثر تازہ ترین آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں ظاہر ہوا ہے۔

دھماکہ خیز اوپنر محمد حارث نے سب سے بڑی چھلانگ لگائی ہے، وہ حیران کن طور پر 210 درجے کی ترقی کے ساتھ بلے بازی کی رینکنگ میں 580 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ 30ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ حارث نے سیریز کے آخری میچ میں پاکستانی بلے باز کی جانب سے دوسری تیز ترین ٹی ٹوئنٹی سنچری بنا کر اپنی تباہ کن صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔

ابھرتے ہوئے مڈل آرڈر بلے باز حسن نواز، جنہوں نے پوری سیریز میں بلے سے اہم کردار ادا کیا، کی رینکنگ میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا گیا، وہ 57 درجے اوپر جا کر 540 پوائنٹس کے ساتھ 45ویں نمبر پر آ گئے۔ واپس آنے والے نوجوان کھلاڑی صائم ایوب جنہوں نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں متاثر کن کارکردگی دکھائی، چار درجے چڑھ کر 61ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں، اب ان کے 485 پوائنٹس ہیں۔ دریں اثنا، کپتان آغا سلمان، جنہوں نے تین میچوں کی سیریز میں 90 رنز کا حصہ ڈالا، 42 درجے کی چھلانگ لگا کر 430 پوائنٹس کے ساتھ 75ویں نمبر پر آ گئے۔

بولنگ کی رینکنگ میں، عباس آفریدی نے اپنی کارکردگی سے متاثر کیا، وہ 18 درجے چڑھ کر 605 پوائنٹس کے ساتھ 19ویں نمبر پر آ گئے۔ نائب کپتان شاداب خان نے بھی رینکنگ میں نمایاں اضافہ کیا، وہ 24 درجے اوپر جا کر 59ویں نمبر پر آ گئے ہیں، جہاں وہ اب ابرار احمد کے ساتھ موجود ہیں، جنہوں نے 45 درجے کی بڑی چھلانگ لگائی۔

اس کے برعکس، بولرز نسیم شاہ، سفیان مقیم، حارث رؤف اور شاہین آفریدی کی رینکنگ میں کمی دیکھی گئی ہے، اب وہ بالترتیب 94ویں، 83ویں، 19ویں اور 36ویں نمبر پر ہیں۔ نیوزی لینڈ کے جیکب ڈفی بولنگ رینکنگ میں سرفہرست ہیں، اس کے بعد ویسٹ انڈیز کے عقیل حسین دوسرے اور بھارت کے ورون چکرورتی تیسرے نمبر پر ہیں۔



اپنا تبصرہ لکھیں