امن-25: کثیر القومی بحری مشق اور پہلی امن ڈائیلاگ کا آغاز

امن-25: کثیر القومی بحری مشق اور پہلی امن ڈائیلاگ کا آغاز


کراچی میں پانچ روزہ کثیر القومی بحری مشق “امن-25” اور پہلی “امن ڈائیلاگ” کا باضابطہ آغاز ہو گیا ہے۔

اس مشق کا بنیادی مقصد بحری اقوام کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا ہے تاکہ محفوظ اور پائیدار سمندری طریقہ کار اپنایا جا سکے، تجربات کا تبادلہ کیا جائے اور مشترکہ بحری خطرات سے نمٹنے کے لیے اجتماعی حکمت عملی بنائی جائے۔

بحیرہ عرب میں ہونے والی اس نویں امن مشق میں 60 سے زائد ممالک کی بحری افواج، ان کے بحری جہاز، طیارے، اسپیشل آپریشن فورسز، ای او ڈی میرین ٹیمیں اور مبصرین حصہ لے رہے ہیں۔

امن ڈائیلاگ میں مختلف ممالک کی بحریہ، کوسٹ گارڈز اور دفاعی افواج کے سربراہان شریک ہوں گے، جو عالمی اور علاقائی بحری معاملات پر تبادلہ خیال کریں گے۔

افتتاحی تقریب اور پاکستان نیوی کا عزم

پاکستان نیوی ڈاک یارڈ کراچی میں امن مشق کے نویں ایڈیشن کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی، جہاں کمانڈر پاکستان فلیٹ ریئر ایڈمرل عبدالمنیب نے عالمی بحری تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بدلتے ہوئے بحری چیلنجز کا مقابلہ اجتماعی کوششوں سے ہی ممکن ہے، کیونکہ کوئی ایک ملک تنہا ان مسائل سے نہیں نمٹ سکتا۔

امن مشق میں پہلی بار “امن ڈائیلاگ” متعارف کروایا گیا ہے، جو عالمی بحری سیکیورٹی اور تعاون کے فروغ کے لیے پاکستان نیوی کے عزم کی علامت ہے۔ اس موقع پر کموڈور عمر فاروق نے چیف آف نیول اسٹاف کا پیغام پڑھ کر سنایا، جس میں پاکستان نیوی کی خطے میں امن اور استحکام کے لیے کوششوں پر زور دیا گیا تھا۔

پاکستان نیوی کے ایک پروقار دستے نے شریک ممالک کے جھنڈے لہرائے، جو اتحاد اور تعاون کی علامت ہے۔ تقریب کے دوران امن کی علامت کے طور پر کبوتروں کو آزاد فضا میں چھوڑا گیا۔

اس افتتاحی تقریب میں سینئر بحری افسران، بین الاقوامی مندوبین اور مبصرین نے شرکت کی، جو اس عالمی سطح کی بحری مشق کے آغاز کا اعلان تھا۔


اپنا تبصرہ لکھیں