وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فوادچوہدری نے بارہا نواز شریف کو بیرون ملک بھیجنے کے فیصلے کو تنقید کا نشانہ بنایا اور اسے تحریک انصاف کی حکومت کے لیے نقصاندہ قرار دیا۔
گزشتہ روز بھی فواد چوہدری نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا تھا کہ نواز شریف کو بیرون ملک بھیجنے سے تحریک انصاف کے انصاف کے بیانیے اور احتساب کے عمل کو شدید دھچکا لگا۔
اب ایک بار پھر فواد چوہدری نے سوشل میڈیا پر اس حوالے سے بیان دیا ہے۔
فواد چوہدری نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ن لیگ اور ان کے میڈیا حمایتی دن رات بتاتے تھے کہ نواز شریف کتنے بیمار ہیں، کہتے تھے نواز شریف کو باہر نہ بھیجا گیا تو ان کی جان کو خطرہ لاحق ہو گا۔
وفاقی وزیر نے مزید لکھا کہ کل سے یہ کہہ رہے ہیں حکومت نے خود نواز شریف کو باہر بھیجا تھا، ہم کیسے بلوائیں، یہی وہ دھوکا دہی اور جھوٹ ہے جس کی بنیاد پر ن لیگ کی تشکیل ہوئی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر نے بھی اپنے بیان میں کہا تھا کہ نواز شریف کا اسٹیٹس مفرور کا ہے اور حکومت نیب سے کہے گی کہ نواز شریف کی وطن واپسی کے لیے کارروائی کا آغاز کیا جائے۔
دوسری جانب ذرائع کا بتانا ہے نیب حکام کا اس حوالے سے مؤقف ہے کہ نواز شریف کو حکومت نے بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی لہذا انہیں واپس لانے کے احکامات بھی وفاقی حکومت ہی کرے۔