وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ برطانیہ دہشت گردی کی بات کرتا ہے، لیکن ہمارا سب سے بڑا دہشت گرد تو لندن میں بیٹھا ہے۔
اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہماری تمام صوبائی اسمبلیوں کو سوشل میڈیا چینلز شروع کرنے چاہئیں، صوبائی قانون سازوں کی کارکردگی عوام کے سامنے ہونا لازمی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے ایک طرف لوگوں کو نوکریوں سے ہاتھ دھونا پڑے تو دوسری جانب نوکریاں پیدا ہوئیں۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ دوسرے ممالک نے کم عمر بچیوں کی شادی کا بل منظور کیا ہے لیکن پاکستان کی پارلیمنٹ کم عمری کی شادی پر پابندی کا بل منظور نہیں کر پا رہی، پاکستان میں شدت پسندی بڑھ رہی ہے۔
وفاقی وزیر نے وزارت اطلاعات کی دو سالہ کارکردگی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جن 7 نکات پر میں کام کر کے گیا تھا آج بھی وہی چل رہے ہیں۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا وفاقی کابینہ تمام صوبوں کو 2 بار کہہ چکی ہے کہ صوبائی فنانس کمیشن ایوارڈ کرے، کیونکہ وسائل کی تقسیم منصفانہ ہو گی تو انصاف ہو گا، مراد علی شاہ اور قائم علی شاہ نے 14 کھرب روپے خرچ کیے۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کے حوالے سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی صحت کے بارے میں شریف فیملی کو بھی کوئی شک نہیں کہ وہ ٹھیک ہیں، اب نواز شریف لندن میں پھر رہے ہیں، کافیاں پی رہے ہیں، نواز شریف کی طبیعت اب ٹھیک ہے، کیا جاتے ہوئے بھی اتنی ہی طبیعت خراب تھی۔
وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے کہا کہ ہائی کورٹ نے نواز شریف کی رپورٹس مانگیں تو پیش نہیں کی گئیں۔
نیب کے حوالے سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نیب خود مختار ادارہ ہے، حکومت کے ماتحت نہیں ہے۔
بانی متحدہ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہمیں بانی ایم کیو ایم واپس چاہیے، برطانوی حکومت دہشت گردی کی بات کرتی ہے، ہمارا سب سے بڑا دہشت گرد تو لندن میں بیٹھا ہے۔