ویوو نے فلیگ شپ فیچرز سے لیس آئی کیو او او 5 اور 5 پرو اسمارٹ فونز متعارف کرادیئے ہیں۔
یہ دونوں فونز دیکھنے میں ایک جیسے ہیں مگر پرو ورژن میں فاسٹ چارجنگ سپورٹ زیادہ تیز جبکہ بیک پر کیمرا سسٹم میں پیری اسکوپ موڈیول دیا گیا ہے۔
دونوں فونز میں 6.56 انچ کے امولیڈ ڈسپلے 120 ہرٹز ریفریش ریٹ کے ساتھ دیئے گئے ہیں جبکہ پنچ ہول ڈیزائن میں 16 میگا پکسل سیلفی کیمرے موجود ہیں۔
ڈسپلے میں ایچ ڈی آر 1 پلس سپورٹ کے ساتھ فنگرپرنٹ ریڈر ڈسپلے کے اندر موجود ہے جبکہ ڈوئل اسٹیریو اسپیکرز آڈیوو کے لیے دیئے گئے ہیں۔
دونوں فونز میں اسنیپ ڈراگون 865 پراسیسر، 8 سے 12 جی بی ریم اور 128 سے 256 جی بی اسٹوریج کے آپشن دیئے گئے ہیں۔
کمپنی کے مطابق فون کے سی پی یو درجہ حرارت کو 12 ڈگری تک کم کرنے کے لیے وی سی ہیٹ سنک بھی دیا گیا ہے۔
جہاں تک بیٹری کی بات ہے تو آئی کیو او او 5 میں 4500 ایم اے ایچ بیٹری 55 واٹ فلیش چارج سلوشن کے ساتھ دی گئی ہے جو ڈیوائس کو 50 منٹ میں مکمل چارج کرسکتی ہے۔
اس کے مقابلے میں 5 پرو میں 4000 ایم اے ایچ بیٹری ہے جس کے ساتھ 120 واٹ فلیش چارج سپورٹ موجود ہے۔
کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ فون صفر سے سو فیصد تک صرف 15 منٹ میں چارج ہوجاتا ہے اور اس اعتبار سے دنیا کا تیز ترین چارجنگ سسٹم والا فون ہے۔
دونوں فونز میں اینڈرائیڈ 10 کا امتزاج آئی کیو او او یو آئی 1.5 سے گیا ہے۔
دونوں فونز کے بیک پر 3 کیمروں کا سیٹ اپ ہے مگر دونوں میں کچھ فرق ہے۔
آئی کیو او او 5 کا مین کیمرا 50 میگا پکسل سنسر سے لیس ہے جس کے ساتھ 13 میگا پکسل الٹرا وائیڈ اور 13 میگا پکسل پورٹریٹ کیمرا دیا گیا ہے۔
اس کے مقابلے میں 5 پرو میں بھی 50 میگا پکسل مین کیمرا اور 13 میگا پکسل الٹرا وائیڈ کیمرا دیا گیا مگر تیسرا کیمرا مختلف ہے۔
یہ 8 میگا پکسل پیری اسکوپ موڈیول کیمرا ہے جو 5 ایکس آپٹیکل اور 60 ایکس ہائبرڈ زوم کی سہولت فراہم کرتا ہے۔
یہ دونوں فونز چین میں نفروخت کے لیے پیش کیے جارہے ہیں۔
آئی کیو او او 5 کے 8 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا فون 3998 چینی یوآن (لگ بھگ 97 ہزار پاکستانی روپے)، 12 جی بی ریم اور 128 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 4298 یوآن (ایک لاکھ 4 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ 12 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج والا ورژن 4598 یوآن (ایک لاکھ 11 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں دستیاب ہوگا۔
اس کے مقابلے میں 5 پرو کا 8 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج والا فون 4998 یوآن (ایک لاکھ 21 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ 12 جی بی ریم اور 256 جی بی اسٹوریج والا ورژن 5498 یوآن (ایک لاکھ 33 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں دستیاب ہوگا۔
دونوں فونز آئندہ ہفتے سے چین میں فروخت کے لیے پیش کیے جارہے ہیں جبکہ دیگر ممالک کے حوالے سے فی الحال کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔