ملک میں چینی کی قیمتیں ریکارڈ بلند سطح پر پہنچ گئیں۔
وفاقی ادارہ شماریات نے ملک میں چینی کی قیمتوں سے متعلق تفصیلات جاری کردیں جس کے مطابق پشاور میں ایک کلو چینی کی قیمت 110 روپے تک پہنچ گئی اور لاہور، اسلام آباد،کراچی،کوئٹہ، حیدرآباد، راولپنڈی کی نسبت پشاور میں چینی 10 روپےفی کلو مہنگی ہے۔
جب کہ سیالکوٹ،گوجرانوالہ، ملتان اور سکھرکی نسبت پشاور میں چینی15 روپے فی کلو تک مہنگی ہے
ادارہ شماریات کے مطابق کوئٹہ، اسلام آباد، راولپنڈی،لاہور،کراچی اور حیدرآباد میں چینی 100 روپے کلو ہے جب کہ سیالکوٹ، گوجرانوالہ، ملتان اور سکھر میں چینی 95 روپےکلو فروخت ہورہی ہے۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں چینی کی اوسط قیمت 95 روپے 67 پیسے فی کلو تک ہے اور ایک کلو چینی کی کم ازکم قیمت 92 جب کہ زیادہ سے زیادہ 110 روپے ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں کھانے پینےکی 15 چیزوں کی قیمتوں میں اضافہ اور 13 چیزوں کی قیمتوں میں کمی ہوئی جب کہ ایک ہفتے میں 23 چیزوں کی قیمتوں میں استحکام رہا۔