وزیراطلاعات پنجاب فیاض چوہان نے کہا ہے کہ آج بیگم صفدر اعوان کو شرمندگی کے ساتھ آنا چاہیے تھا مگر لاہور میں قومی احتساب بیورو (نیب) کے دفتر میں جلوس لانے کا مطلب ہے سو چوہے کھا کے بلی حج کو چلی۔
یاد رہے کہ مریم نواز کی پیشی سے قبل آج نیب لاہور کے باہر مسلم لیگ ن کے کارکنوں اور پولیس میں تصادم ہوا۔ لیگی کارکنوں نے رکاوٹیں ہٹا کر نیب دفتر کی جانب بڑھنے کی کوشش کی اور پولیس پر پتھراؤ کیا۔
اس کے جواب میں پولیس نے بھی شیلنگ اور پتھراؤ کیا جب کہ درجنوں کارکنوں کو گرفتار بھی کر لیا گیا۔
نیب دفتر کے باہر ہنگامہ آرائی کے بارے میں جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے فیاض چوہان نے کہا کہ یہ کرپشن اورلوٹ مار کی جنگ ہے،ن لیگی قائدین احتساب سے نہیں بچ سکتے۔
وزیرقانون پنجاب راجہ بشارت کا کہنا ہے کہ ن لیگ کے کارکنوں نے پتھراؤ سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کیا، ویڈیو میں نظر آنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی اور کسی سے کوئی رعایت نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش کی، آئندہ پیشی پر کسی قسم کی چڑھائی کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
اس حوالے سے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ نوازشریف اورمریم کے خلاف مقدمات بالکل واضح ہیں، احتساب کے بیانیہ کی ناکامی ہے کہ آج مریم نواز انقلابی شاعری سناتی نظر آتی ہیں۔