کراچی میں مون سون کی بارش کے بعد کے الیکٹرک کا بجلی کی ترسیل کا نظام درہم برہم ہو گیا جس سے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی گھنٹوں سے بند ہے۔
بارش کے باعث کے الیکٹرک کے 174 فیڈرز بند ہیں، مختلف مقامات پر گزشتہ روز پیدا ہونے والی فنی خرابیاں دور نہیں کی جا سکی ہیں، بجلی کے ٹوٹے ہوئے تاروں کی مرمت نہیں کی جا سکی اور کیبل فالٹ تاحال درست نہیں کیے جا سکے ہیں۔
موسیٰ کالونی، غریب آباد، خواجہ اجمیر نگری، گلشن حدید، ابوالحسن اصفہانی روڈ، سہراب گوٹھ، لانڈھی، پاک کالونی، سرجانی ٹاؤن، احسن آباد، ملیر، لیاقت آباد اور بلدیہ میں بھی بجلی کی فراہمی معطل ہے
اس حوالے سے ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ عملہ متاثرہ علاقوں میں بجلی کی بحالی کے لیے مصروف عمل ہے جب کہ سیفٹی کلیئرنس کے بعد بیشتر علاقوں میں بجلی بحال ہے۔
ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا تھا کہ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے سبب عملے کو کام میں مشکلات کا سامنا ہے، کچھ مقامات پر احتیاطی طور پر بجلی بند کی گئی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ گلشن اقبال، بن قاسم اور بلدیہ میں پانی کا نکاس نہ ہونے کی وجہ سے مشکلات درپیش ہیں، متعلقہ اداروں سے جلد نکاسی آب کی اپیل کی جاتی ہے۔
واضح رہے کہ کراچی میں 3 روز کی بارش کے دوران کرنٹ لگنے سمیت مختلف حادثات میں 15 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
آج بھی بارش کا امکان
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی اور بلوچستان میں بارش کا سبب بننے والا مون سون کا چوتھا سسٹم اتوار کی دوپہر تک کمزور ہونا شروع ہوگا، اتوار کو شہر میں معتدل بارشوں کا امکان ہے۔
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کے مطابق حالیہ سسٹم بلوچستان تک پھیل چکا ہے اور بارشوں کاسبب بن رہا ہے، گرج چمک کےساتھ بارشیں ہونےکاامکان کم ہے، بارش کا سسٹم شہر سے منتقل یا ختم ہونےکےبعد سمندری ہوائیں بحال ہوں گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون سسٹم آج برسنے کے بعد کمزور پڑنا شروع ہو جائے گا، لیکن کراچی میں کل بھی بوندا باندی اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔