پاکستان نے سعوی عرب کو ایک ارب ڈالر قرضہ واپس کر دیا


 اسلام آباد: 

پاکستان نے ڈیڑھ برس قبل سعودی عرب سے لیے گئے 3 ارب ڈالر کے قرض میں سے ایک ارب ڈالر لوٹادیے۔

انتہائی باخبرذرائع نے ایکسپریس ٹریبیون کو بتایا کہ سعودی عرب کی جانب سے مالی امداد محدود کیے جانے کے فیصلے کے بعد عالمی قرضوں کی ادائیگی میں ڈیفالٹ کرجانے کے ڈر سے ایک ارب ڈالر ادا کیے گئے۔

وزارت خزانہ اور اسٹیٹ بینک کے ذرائع نے گذشتہ روز ایکسپریس ٹریبیون کو بتایا کہ سعودیہ کی جانب سے مالی امداد محدود کیے جانے کے فیصلے کے منفی اثرات زائل کرنے کے لیے پاکستان کے دیرینہ دوست چین نے آگے بڑھتے ہوئے ایک ارب ڈالر قرضہ فراہم کردیا ہے۔ وزات خزانہ نے اس بارے میں تبصرے سے انکار کیا جب کہ خبر فائل کرنے تک اسٹیٹ بینک کے ترجمان کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔

واضح رہے کہ اکتوبر 2018 میں سعودی عرب نے پاکستان کو 3سال کے لیے 6.2 ارب ڈالر کا مالیاتی پیکیج دینے کا اعلان کیا تھا۔ اس پیکیج میں 3 ارب ڈالر نقد اور 3.2 ارب ڈالر مالیت کی موخر ادائیگی پر تیل اور گیس کی سہولت شامل تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چین نے پاکستان کے غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائر کو موجودہ سطح پر برقرار رکھنے کے لیے ایک ارب ڈالر فراہم کر دیے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں