سیول:
جنوبی کوریا نے اپنا پہلا دفاعی سیٹلائٹ کامیابی سے خلاء میں بھیج دیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جنوبی کوریا نے اپنے پڑوسی ملک شمالی کوریا کے خلاف اپنی دفاعی صلاحیتیں بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت جنوبی کوریا نے اپنا پہلا دفاعی سیٹلائٹ ANASIS-II خلاء میں بھیجنے کا کامیاب تجربہ کیا۔
رپورٹس کے مطابق جنوبی کوریا نے پرائیوٹ راکٹ کمپنی اسپیس ایکس کی مدد سے دفاعی سیٹلائٹ خلاء میں بھیجنے کا کامیاب تجربہ کیا۔ اسپیس ایکس کے حکام نے بھی اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹ پر ویڈیو بھی جاری کی۔
دوسری جانب جنوبی کوریا کے دفاعی حکام نے ایک بیان میں کہا کہ ANASIS-II سیٹلائٹ امریکی ریاست فلوریڈا کے کیپ کیناورل ایئرفورس اسٹیشن سے شام 5 بجکر 30 منٹ پر خلاء میں بھیجا گیا جس کے بعد جنوبی کوریا اپنا دفاعی سیٹلائٹ رکھنے والے 10 ممالک کی فہرست میں شامل ہوگیا ہے جو اب ہمیں مستقل اور محفوظ کمیونیکشن فراہم کرے گا۔
دفاعی حکام کا کہنا تھا کہ امید کی جارہی ہے کہ دفاعی سیٹلائٹ 2 ہفتوں تک اپنے مطلوبہ مدار کی سطح پر پہنچ جائے گا جب کہ اکتوبر میں سیٹلائٹ کی ٹیسٹنگ کے بعد جنوبی کوریا کی فوج اس نظام کو سنبھال لے گی۔