وزیر اعظم کا اعتماد ملنے کے بعد عثمان بزدار ایکشن میں آگئے

وزیر اعظم کا اعتماد ملنے کے بعد عثمان بزدار ایکشن میں آگئے


لاہور: وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے بھرپور اعتماد ملنے کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار ایکشن میں آ گئے اور اپنی وزارتوں سے متعلق قانون سازی اور اسمبلی بزنس میں دلچسپی نہ لینے والے وزرا کے نام طلب کر لیے۔

ذرائع کے مطابق ایوان وزیر اعلیٰ نے محکمہ قانون سے ایسے وزرا کی فہرست مانگی ہے جو اپنی وزارت میں مفاد عامہ سے متعلق قانون سازی میں دلچسپی نہیں لیتے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں وقفہ سوالات کی تیاری میں بھی دلچسپی نہ لینے والے وزرا کے بارے میں آگاہی حاصل کرتے ہوئے فہرست طلب کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ کئی روز سے سوشل میڈیا پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو تبدیل کیے جانے سے متعلق افواہیں زیر گردش ہیں لیکن گزشتہ روز وزیر اطلاعات شبلی فراز نے بھی ان افواہوں کی تردید کی تھی۔

اب وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں بے خوف کام جاری رکھنے کی ہدایت کر دی ہے جس کے بعد عثمان بزدار کو عہدے سے ہٹائے جانے کی افواہیں دم توڑ گئی ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں