وزیراعظم کی ہدایت کے باوجود کراچی میں لوڈ شیڈنگ کاسلسلہ جاری


وزیراعظم عمران خان کی ہدایت کے باوجود کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

 گزشتہ روز وفاقی وزیر اسد عمر نے کراچی میں آج سے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نہ ہونے کی یقین دہانی کرائی تھی۔

اسڈ عمر کی یقین دہانی کے باوجود گزشتہ شب اور اتوار کی صبح مختلف علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا۔

انہوں نے کے الیکٹرک کو وارننگ دیتے ہوئے کہا تھا کہ کے الیکٹرک زیادہ گیس اور زیادہ فرنِس آئل ملنے کے باوجود کراچی کے مسائل حل نہ کر سکا تو اس کے خلاف قانون کی پوری طاقت استعمال کریں گے۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک نےرویہ درست نہ کیا تو وفاق اسے تحویل میں لے سکتا ہے۔

وفاقی وزیر کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے کی یقین دہانی پرتحریک انصاف نے احتجاج ختم کر دیا تھا، اس کے علاوہ جماعت اسلامی نے بھی لوڈ شیڈنگ اور اوور بلنگ کے خلاف شارع فیصل پر دیا گیا دھرنا بھی تین روز کا نوٹس دے کر ملتوی کر دیا۔

واضح رہےکہ گزشتہ ماہ سے کے الیکٹرک نے فرنس آئل اور گیس کی فراہمی کو بہانا بناکر شہر میں گرمی بڑھتے ہی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے جس سے شہری بے حال ہوگئے ہیں۔

شہریوں کی جانب سے یہ بھی شکایت کی گئی تھی کہ گھنٹوں گھنٹوں بجلی معطل رہتی ہے اس کے باجود زیادہ بلز وصول کیے جاتے ہیں۔


اپنا تبصرہ لکھیں