کورونا کو شکست دینے والے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کورونا بیماری کو اپنی زندگی کا بڑا امتحان قرار دیا ہے۔
30 اپریل کو اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد انہوں نے دو ہفتے تک گھر میں قرنطینہ اختیار کیا اور پھر 12 مئی کو کورونا سے صحت یاب ہونے کی تصدیق کی۔
اس حوالے سے جیو نیوز کے مارننگ شو ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے بتایا کہ کورونا بیماری میری زندگی کا بڑا امتحان تھا، اس دوران قرنطینہ میری زندگی کا غیر معمولی واقعہ تھا۔
انہوں نے بتایا کہ جب میں اسپتال میں تھا وہ لمحات میرے لیے کافی مشکل تھے، میں نے شروع میں احتیاط نہیں کی جو مجھے کرنی چاہیے تھی۔
انہوں نے اپنی خوراک سے متعلق بتایا کہ بیماری کے دوران متوازن غذا لی اور ادرک، پودینےکا استعمال بھی کیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ کورونا کو عام بیماری نہ سمجھا جائے، اگر کسی کو سینے میں تکلیف ہو تو فوری چیک اپ کرائے، عوام سے درخواست ہے کہ اس بیماری کو سنجیدہ لیں۔
انہوں نے کورونا کی روک تھام کے لیے حکومت کے اسمارٹ لاک ڈاؤن کو بھی مناسب قرار دیا۔
اسمبلی معاملات سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ اسمبلی کو جس طرح چلارہا ہوں، بلاول اور خواجہ آصف بھی اس کے معترف ہیں، چاہتا ہوں اسمبلی میں اپوزیشن اور حکومت کی ملکی معاملات پر مثبت بحث ہو۔