لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے نجی اسکول میں طالبات کو ہراساں کرنے کے واقعے کی تحقیقات کیلئے کمیٹی قائم کردی۔
لاہور کے نجی اسکول میں طالبات کو ہراساں کرنے کے واقعے کی تحقیقات کے لیے 3 رکنی کمیٹی قائم کی گئی ہے جس کی سربراہی سیکرٹری پاپولیشن ویلفئیر کریں گے۔
کمیٹی ممبران میں چیف ایگزیکٹو ایجوکیشن آفیسر اور ایس ایس پی انویسٹی گیشن شامل ہوں گے جب کہ کمیٹی 10 دن میں وزیر اعلیٰ کو رپورٹ پیش کرے گی۔
خیال رہے کہ جیونیوز نے گزشتہ روز لاہور کی غالب مارکیٹ کے ایک نجی اسکول میں طالبات کو ہراساں کرنے کی خبر نشر کی تھی۔
معروف نجی انگریزی میڈیم اسکول کی طالبات اور فارغ التحصیل طلبہ نے استاد سمیت 4 افراد پر جنسی ہراسانی کا الزام عائد کیا جس پر اسکول انتظامیہ نے چاروں کو ملازمت سے نکال دیا۔