بھارت کورونا وبا سے متاثر ہونے والا تیسرا بڑا ملک بن گیا


نئی دہلی: 

کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 7 لاکھ 19 ہزار 665 ہونے کے بعد بھارت دنیا بھر میں تیسرا بڑا ملک بن گیا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارت میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد میں بے پناہ اضافہ ہوگیا ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 23 ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ بھارت میں کووڈ-19 کے مریضوں کی مجموعی تعداد 7 لاکھ 19 ہزار 665 ہوگئی ہے جب کہ 20 ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور دنیا بھر میں تیسرا بڑا ملک بن گیا ہے۔

دارالحکومت نئی دہلی، ممبئی اور دیگر بڑے شہروں میں سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، تمام ہی اسپتالوں میں کورونا وارڈز بھر چکے ہیں اور زیادہ تر مریض وینٹی لیٹر نہ ملنے کی وجہ سے لقمہ اجل بن گئے جب کہ دیہاتوں میں حالت مزید خراب ہے۔  مودی سرکار کورونا وبا سے بھی شکست کھا گئی۔

بھارت میں کورونا وبا کی ابتدا میں ہی اچانک سخت لاک ڈاؤن کردیا گیا تھا، اندرون ملک ٹرانسپورٹ بند ہونے کی وجہ سے ہزاروں مزدور شہروں میں پھنس گئے تھے اور اپنے گاؤں جانے کے دوران مختلف حادثات میں درجنوں افراد ہلاک ہوگئے۔ 20 مزدور پیدل چلتے چلتے تھک کر پٹری پر سو گئے تھے جنہیں مال بردار ٹرین نے کچل دیا تھا۔

کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک امریکا ہے جہاں 3 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے اور ہلاک ہونے والوں کی تعداد 1 لاکھ 32 ہزار ہے جب کہ برازیل میں 1 لاکھ 62 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے اور 65 ہزار سے زائد ہلاک ہوئے۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے اب تک ایک کروڑ 17 لاکھ 83 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں جب کہ اب تک اس مہلک وائرس کی وجہ سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 5 لاکھ 35 ہزار ہوگئی ہے۔


اپنا تبصرہ لکھیں