اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز کا کہنا ہے کہ عمران خان کی اسمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی آج پوری دنیا اختیار کررہی ہے۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ 100 دن نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کورونا وبا سے متعلق دن رات کام کیا، این سی او سی نے جس طرح صورتحال میں کام کیا قابل تعریف ہے۔
انہوں نےکہا کہ کورونا وائرس سے متعلق حالات قابو میں ہیں لیکن ابھی خطرہ ٹلا نہیں ہے، ایس او پیز پر عملدرآمد سے کورونا پر کافی حد تک کنٹرول پایا گیا ہے جس پر عوام کے شکر گزار ہیں، اگر عوام ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں تو اسپتالوں میں رش مزید کم ہوجائے گا، کورونا وائرس سے صحت یابی کی شرح بھی تسلی بخش ہے۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اسمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی کو دنیا نے اپنایا، وزیراعظم عمران خان کی حکمت عملی کے باعث کورونا کے کیسز میں کمی آئی لیکن کورونا ابھی مکمل ختم نہیں ہوا اور خطرہ اب بھی موجود ہے۔
شبلی فراز نے مزید کہا کہ کورونا کے خلاف طبی عملہ صف اول پر ہے، حکومتی کوششوں سے کورونا ٹیسٹنگ کی صلاحیت کو بڑھایاگیا، اگر ہم محتاط انداز سے ایس او پیز پر عملدرآمد کرتے رہے تو اسپتال جلد ویران ہوں گے، ہم سب نے متحد ہو کورونا وبا سے نبرد آزما ہونا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ احساس پروگرام کے تحت ڈیڑھ کروڑ خاندانوں میں کیش ریلیف کے تحت پیسے تقسیم کیے گئے ہیں۔