شہباز شریف نے آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں ضمانتی مچلکوں پر دستخط کردیے


لاہور: مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے  آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں ضمانتی مچلکوں پر دستخط کر دیے۔

مسلم لیگ (ن) کے سابق صدر و قائد حزب اختلاف شہباز شریف کورونا سے بچاؤ کی حفاظتی کٹ پہن کر لاہور ہائیکورٹ آئے۔

شہبازشریف کے ہمراہ ڈپٹی جنرل سیکرٹری (ن) لیگ عطا تارڑ بھی ہائیکورٹ پہنچے، عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ شہبازشریف کی آمد کو کورونا کے باعث مخفی رکھا گیا۔

شہبازشریف نے عدالت میں آمدن سے زائد کیس میں اپنے ضمانتی مچلکوں پر دستخط کیے۔

واضح رہے کہ عدالت نے شہباز شریف کو ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا تھا جب کہ کورونا پازیٹو ہونے پر شہباز شریف ضمانتی مچلکوں پر دستخط نہیں کر سکے تھے۔

لاہورہائیکورٹ نے آمدن سے زائد اثاثوں کےکیس میں مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف کی 9 جولائی تک عبوری ضمانت منظورکر رکھی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں قومی احتساب بیورو (نیب) نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں شہباز شریف کی لاہور میں رہائش گاہ پر چھاپہ مارا تھا تاہم وہ گھر پر موجود نہیں تھے۔

شہباز شریف کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دائر کی گئی تھی جس میں چیئرمین نیب سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا تھا۔

3 جون کو عدالت نے نیب کو 17 جون تک شہباز شریف کی گرفتاری سے روک دیا تھا تاہم 11 جون کو صدر مسلم لیگ (ن) میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد سے وہ آئسولیشن میں ہیں۔

17 جون کو ایک اور درخواست پر عدالت نے شہباز شریف کی عبوری ضمانت میں 29 جون تک توسیع کردی تھی اور ضمانتی مچلکوں پر بھی 29 جون کو دستخط کرنے کی ہدایت کی تھی۔


اپنا تبصرہ لکھیں