پاکستان اسٹاک ایکسچینج کراچی پر دہشت گردوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بننے والے اور ان کا حملہ ناکام کرنے والے پولیس اہلکار محمد رفیق کے آبائی علاقے عمر کوٹ میں واقع ان کے گھر میں جشن کا سماں ہے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کو جہنم رسید کرنے والے اہلکار رفیق سومرو کے گھر والے خوشی سے نہال ہیں، رفیق سومرو کے والد اور بھائی آنے والے مہمانوں سے مبارک بادیں وصول کر رہے ہیں۔
رفیق کے گھر مبارک باد کے لیے آنے والے مہمانوں کی مٹھائی سے تواضح کی جا رہی ہے۔
گھر والوں کا کہنا ہے کہ قوم کی خدمت کرکے رفیق سومرو نے ان کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔
ان کے بھائی کا کہنا تھا کہ رفیق کو بچپن سے ہی فورسز میں شمولیت کا شوق تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر چار دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار اور اسٹاک ایکسچینج کے 3 سیکیورٹی گارڈ شہید ہوگئے جب کہ فورسز کی جوابی کارروائی میں چاروں دہشت گرد مارے گئے۔
واقعے کے بعد تفصیلات بتاتے ہوئے رفیق سومرو کا کہنا تھا کہ ایک دہشت گرد دستی بم پھینک رہا تھا میں نے اسے دو گولیاں ماریں پھر اس نے دستی بم نکالا تو میں نے اس کے ہاتھ پر گولیاں ماریں تو دستی بم اس کے ہاتھ سے چھوٹ گیا، وہ نیچے گر گیا تو دو دہشت گرد آگے گئے، ایک کو میں نے پیچھے سے گولی ماری جبکہ دوسرے کو ہمارے دوسرے ساتھی نے گولی ماری۔