حکومت کی اتحادی جماعت مسلم لیگ (ق) نے بھی آج وزیراعظم عمران خان کی جانب سے دیے گئے عشائیے میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے آج حکومتی ارکان قومی اسمبلی کے اعزاز میں اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں کو عشائیے پر مدعو کیا ہے جو وزیراعظم ہاؤس میں دیا جائے گا۔
اس حوالے سے ترجمان مسلم لیگ ق کا کہنا ہے کہ حکومت کے اتحادی ہیں مگرعشائیہ میں شریک نہیں ہو رہے کیونکہ پارٹی رہنما مصروف ہیں لیکن بجٹ کی منظوری کے تمام عمل میں حکومت کو ووٹ دے رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق عشائیے کی تقریب میں وفاقی بجٹ منظور کرانے کی حکمت عملی پر غور ہوگا اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق حقائق قوم کے سامنے رکھے جانے پر مشاورت ہوگی۔
ذارئع کا کہنا ہے کہ تقریب میں پارٹی کے اندرونی اختلافات، اتحادیوں کے معاملات اور قومی ایشوز پر بات ہوگی اور وزیراعظم پارٹی واتحادی ارکان قومی اسمبلی کومختلف معاملات پر اعتماد میں لیں گے۔
بعدازاں وزیراعظم عمران خان حکومتی ارکان قومی اسمبلی سے خطاب بھی کریں گے۔
اس کے علاوہ بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کو بھی عشائیے میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے تاہم انہوں نے بھی عشائیے میں شرکت سے انکار کردیا ہے۔
بی این پی کے رہنما جہانزیب جمالدینی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کا عشائیہ حکومتی اتحادیوں کےلیے ہے، ان کی جماعت اب اتحادی نہیں رہی اس لیے ان کا وزیر اعظم کے عشائیہ میں شرکت کا کوئی جواز نہیں۔